کراچی: پولیس کے مطابق کراچی سے حیدرآباد جاتے ہوئے اچانک 'لاپتہ' ہونے والے 12 نوجوانوں میں سے کم از کم نو اپنے گھروں کو پہنچ چکے ہیں۔

ایس پی گلشن عابد قائم خانی کے مطابق 'کم از کم نو گمشدہ نوجوان گلستان جوہر میں اپنے گھروں کو پہنچ گئے ہیں۔'

ایس پی نے کہا کہ باقی افراد کے ٹھکانوں کا شاید جمعرات تک پتہ چل جائے جبکہ پولیس کے پاس 12 افراد کے 'گمشدہ' ہونے کی رپورٹس ہیں۔

’لاپتہ‘ ہونے والے تقریباً تمام نوجوان گلستان جوہر کے نعمان گرینڈ سٹی کے رہائشی ہیں۔

دوسری جانب، ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ 12 ’لاپتہ‘ نوجوانوں میں سے چار ان کے کارکن جبکہ باقی ان کے حامی ہیں۔

رابطہ کمیٹی کے مطابق، ولید کمال اور شایان رحمان گلستان جوہر سیکٹر کے یونٹ بی کے عہدے دار جبکہ یاسر کاظمی اور ساجد عثمانی کارکن ہیں۔

باقی ’لاپتہ‘ افراد کی شناخت عادل، راحیل خان، اسد رضا، سعد ہاشمی، عدیل مرزا، وسیم، ریحان اور جنید علی کے نام سے ہوئی۔

ایم کیو ایم نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ یہ نوجوان ایک شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے تین گاڑیوں میں سوار ہوکرکراچی سے حیدرآباد روانہ ہوئے تھے ۔

بیان کے مطابق، ان نوجوانوں کا رات تقریباًساڑھے دس بجے کے بعد اہل خانہ کا رابطہ منقطع ہوا اور تاحال ان کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں۔

رابطہ کمیٹی نے وزیر اعظم نواز شریف، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ، وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور صوبائی وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا کہ ’لاپتہ کارکنوں ‘ کا فورا ً پتہ چلایا جائے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Muhammad Ayub Khan Jul 30, 2015 10:01am
why کم از کم نو ? why not exact figure?