خیبرپختونخوا: بلدیاتی انتخابات کی ری پولنگ

اپ ڈیٹ 30 جولائ 2015
صوبے کے 14 اضلاع میں دوبارہ ووٹ ڈانے جارہے ہیں  — ڈان نیوز اسکرین گریب
صوبے کے 14 اضلاع میں دوبارہ ووٹ ڈانے جارہے ہیں — ڈان نیوز اسکرین گریب

پشاور: خیبرپختونخوا کے 14 اضلاع میں الیکشن کمیشن کی ہدایات پر بلدیاتی انتخابات کیلئے ری پولنگ کا عمل ختم ہو گیا جس کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔

تیس مئی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے دوران صوبے کے کئی پولنگ اسٹیشنوں میں دھاندلی، بد نظمی اور بد انتظامی کے واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔

اس پر الیکشن کمیشن نے صوبے کے متعدد اضلاع میں دوبارہ انتخابات کروانے کا فیصلہ کیا تھا۔

جمعرات کو 14 اضلاع کے 350 پولنگ سٹیشنوں میں سخت سیکیورٹی میں صبح سات بجے ووٹنگ شروع ہوئی جو شام چھ بجے تک جاری رہی۔

ڈان نیوز کے مطابق کسی بھی نا خوش گوار واقعے سے بچنے کے لئے ہر پولنگ اسٹیشن پر پولیس کے ساتھ فوج بھی تعینات ہے جبکہ میڈیا کے نمائندوں کو پولنگ اسٹیشن میں داخلے پر بھی پابندی تھی۔

ری پولنگ کے لیے 350 پولنگ اسٹیشنز میں مجموعی طور پر ایک ہزار دو سونوے پولنگ بوتھ قائم تھے۔

جعلی ووٹ ڈالنے پر خواتین اور مرد گرفتار

پشاور میں داؤدزئی کے تخت آباد پولنگ اسٹیشن میں تلاشی کے دوران خاتون ووٹر سے پینتالیس جعلی ووٹ برآمد ہوئے جبکہ اسی پولنگ اسٹیشن سے ایک مرد کو بھی جعلی ووٹ سمیت پکڑا گیا۔

ڈی ایس پی داود زئی کے مطابق ملزمان کے خلاف پریزائڈنگ افسر کی درخواست پر مقدمات درج کیے جائیں گے۔

ادھر کرک میں شبلی بانڈہ کے پولنگ اسٹیشن سے خاتون کو جعلی ووٹ ڈالتے ہوئے پکڑ لیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں