یونائیٹڈ کے دورہ امریکا کا شکست پر اختتام

30 جولائ 2015
پی ایس جی کے اسٹار ابراہیمو وچ کا گول اسکور کرنے کے بعد ایک انداز۔ فوٹو رائٹرز
پی ایس جی کے اسٹار ابراہیمو وچ کا گول اسکور کرنے کے بعد ایک انداز۔ فوٹو رائٹرز

شکاگو: یورپیئن سیزن کے آغاز سے قبل مشہور انگلش کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کے دورہ امریکا کا مایوس کن اختتام ہوا جہاں پیرس سینٹ جرمین(پی ایس جی) نے انہیں 2-0 سے شکست دے کر انٹرنیشنل چیمپیئنز کپ کا نمائشی ٹورنامنٹ اپنے نام کر لیا۔

شکاگو میں امریکی فٹبال لیگ کی ٹیم شکاگو بیئرز کے ہوم گراؤنڈ کے سولجر فیلڈ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پی ایس جی کی ٹیم شروع سے ہی انگلش کلب پر حاوی رہی۔

اس میچ میں ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے یونائیٹڈ کے منیجر لوئس وین گال کی دفاعی حکمت کی وجہ سے میچ میں برطانوی کلب مکمل طور پر تتر بتر اور حریف ٹیم کے رحم و کرم پر دکھائی دیا۔

میچ شروع سے ہی سنسنی خیز رہا جہاں دونوں ٹیمیں سبقت لینے کیلئے ایک دوسرے کے گول پر حملہ آور رہیں لیکن پی ایس جی کی جارحانہ حکمت عملی میچ میں واضح فرق ثابت ہوئی۔

کھیل کے 22ویں منٹ میں جوآن ماٹا نے گیند کو جال میں پہنچا دیا لیکن یونائیٹڈ کے شائقین کی یہ خوشی اگلے ہی لمحے اس وقت دور ہو گئی جب لائن امپائر نے آف سائیڈ قرار دے دیا۔

ابھی انگلش ٹیم اس صدمے سے باہر نکلی بھی نہ تھی کہ تین منٹ بعد بلیس مٹوڈی نے گیند کو جال میں پہنچا کر یونائیٹڈ کے دفاع کی قلعی کھول دی۔

نو منٹ بعد ہی اسٹار ابراہیمو وچ نے ڈیوڈ ڈی گیا کو ایک بار پھر چکمہ دے کر میچ میں اپنی ٹیم کی برتری دگنی کر دی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔

اس شکست کے ساتھ ہی مانچسٹر کا دورہ امریکا میں 100 فیصد فتح کا ریکارڈ برقرار رکھنے کا خواب بھی چکنا چور ہو گیا جہاں اس سے قبل وہ لگاتار تین میچوں میں فتح حاصل کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں