پہلے ٹی ٹوئنٹی میں سری لنکا کو شکست

اپ ڈیٹ 30 جولائ 2015
عمر اکمل نے 24 گیندوں پر 46 رنز کی جارحانہ اننگ کھیلی۔ فوٹو اے ایف پی
عمر اکمل نے 24 گیندوں پر 46 رنز کی جارحانہ اننگ کھیلی۔ فوٹو اے ایف پی

کولمبو: پاکستان نے سہیل تنویر اور عمر اکمل کی عمدہ پرفارمنس کی بدولت سری لنکا کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 29 رنز سے شکست دے دی۔

جمعرات کو کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنرمختار احمد صرف دو رنز بنا کر اینجلو میتھیوز کی وکٹ بن گئے۔

محمد حفیظ اور احمد شہزاد نے اسکور کو 52 رنز تک پہنچایا لیکن آٹھویں اوور میں حفیظ بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وکٹ دے بیٹھے۔

احمد شہزاد کیچ چھوٹنے کا فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے اور 83 کے مجموعی اسکور پر 46 رنز بنانے کے بعد تھسارا پریرا کی دوسری وکٹ بن گئے۔

اس موقع پر عمر اکمل اور شعیب ملک نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 79 رنز کی شراکت قائم کر کے اسکور کو 163 تک پہنچا دیا۔عمر اکمل 24 گیندوں پر 46 رنز کی جارحانہ باری کھیلنے کے بعد ملنگا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

پاکستان نے مقررہ اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے، شعیب 46 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ تھسارا پریرا دو وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

جواب میں سری لنکا کے اوپنر کسال پریرا (4 رنز)پہلے ہی اوور میں اونچا شاٹ کھیلتے ہوئے انور علی کی گیند پرشاہد آفریدی کو کیچ دے بیٹھے۔

میزبان ٹیم کی ٹاپ آرڈر توقعات پر پوری نہ اتری اور چوتھے اوور میں 19 کے مجموعی سکور پر مزید دو بلے باز تلکارتنے دلشان(6 رنز) اور کتھورواں وتھاناگے (1 رن)سہیل تنویر کا نشانہ بن گئے۔

اس کے بعد دھنان جایا ڈی سلو اور اینجلو میتھیوز نے محتاط انداز میں سکور 55 رنز تک پہنچا ، جب عماد وسیم نے میتھیوز کو بولڈ کر دیا۔

بعد میں آنے والے بلے باز پاکستانی باؤلرز کیلئے بڑا خطرہ بننے میں ناکام رہے اور میزبان ٹیم مقررہ بیس اوورز میں سات وکٹوں پر 146 رنز تک محدود ہو گئی۔

پاکستان کی جانب سے سہیل نے 29 رنز دے کر 3، انور علی نے 2، جبکہ عماد اور شعیب ملک نے ایک ایک بلے باز کو پویلین کی راہ دکھائی۔

سہیل کو سری لنکن ٹاپ آرڈر تہس نہس کرنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

پاکستان دو میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز اپنے نام کر کے عالمی درجہ بندی میں پانچویں سے تیسرے نمبر پہنچ سکتا ہے خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی چیمپیئن سری لنکا آئی سی سی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر موجود ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (2) بند ہیں

Dr.Afzaal Malik Jul 30, 2015 06:35pm
اس سے بڑی بدقسمتی اور بری حکمت عملی اور کیا ہو گی کہ نائب کپتان جو کہ تسلسل کے ساتھ اچھی پرفارمنس دے رہا تھا سرفراز احمد کو ٹیم سے آفریدی نے نکال باہر کیا ہے۔ یہ درست ہے کہ ٹی ٹونٹی میں ہیرو کھلاڑیوں کو زیادہ اہمیت دی گئی ہے جو کھیل کے ہیرو نہیں ہیں کمرشل اشتہاروں میں آفریدی کے چمچے بن کر ساتھ ایکٹنگ کرتے ہیں۔ کھیل میں چاہے ان کا کوئی کردار نہ ہو لیکن لنگوٹیا فرینڈ یا کمرشل اشتہار فرینڈ کی وجہ سے بعض کھلاڑیوں کو کارکردگی نہ ہونے کے باوجود موقع دیا گیا ہے۔ ویسے آپس کی بات ہے ٹیم میں بعض کھلاڑیوں کی آمد سے ہی اندازہ ہو جاتا ہے کہ اس میچ میں جواری بھی کھیل رہے ہیں
Imran Jul 31, 2015 02:54pm
Afzal Malik sahib naam leenay meen kia herj hai. pehlay hi PCB, BCCI aur ICC mill ker team ko daboony meen lagay hain aur oper say apny bhi kam tamasha nai ker rahy. team jeet rahi hai ye hi kafi hai.