تیسرے ایشز ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو شکست

اپ ڈیٹ 31 جولائ 2015
اسٹیفن فن نے چھ وکٹیں لے کر آسٹریلین بیٹنگ لائن زمین بوس کردیا۔ فوٹو رائٹرز
اسٹیفن فن نے چھ وکٹیں لے کر آسٹریلین بیٹنگ لائن زمین بوس کردیا۔ فوٹو رائٹرز

ایجبسٹن: انگلینڈ نے تیسرے ایشز ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کر لی۔

ایجبسٹن، برمنگھم میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن آسٹریلیا نے 168 رنز سات کھلاڑی آؤٹ سے اننگ دوبارہ شروع کی تو اسے صرف 24رنز کی برتری حاصل تھی۔

گیری نیول اور مچل اسٹارک نے اس موقع پر آٹھویں وکٹ کیلئے 64 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی برتری میں کچھ اضافہ کیا۔

اس سے قبل کہ شراکت انگلینڈ کیلئے مزید خطرات کا سبب بنتی، کپتان ایلسٹر کک اپنے سب سے مہلک ہتھیار اسٹیفن کو باؤلنگ کیلئے واپس لائے جنہوں نے کپتان کو مایوس نہ کرتے ہوئے نیول کی اننگ کا خاتمہ کردیا جو 59 رنز بنا کر میدان بدر ہوئے۔

دوسرے اینڈ پر موجود اسٹارک نے انگلش باؤلرز کے سامنے بھرپور مزاحمت کی اور اپنی ٹیم کا اسکور 265 تک پہنچا نے میں اہم کردار ادا کیا۔ اسٹارک کے 58 رنز پر آؤت ہونے کے ساتھ ہی آسٹریلین اننگ کا بھی 265 پر خاتمہ ہو گیا۔

انگلینڈ کی جانب سے اسٹیون فن نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھ وکٹیں حاصل کیں۔

پہلی اننگ میں بھاری برتری کی وجہ سے انگلینڈ کو تیسرے ٹیسٹ میچ میں فتح کیلئے 121 رنز کا نسبتاً کم ہدف ملا۔

معمولی ہدف کے تعاقب میں بھی انگلینڈ کی دوسری اننگ کا آغاز کچھ اچھا نہ تھا اور صرف گیارہ کے مجموعی اسکور پر کپتان کک پویلین لوٹ گئے۔ نئے بلے باز آئن بیل نے گزشتہ انگ کی طرح اس مرتبہ بھی آسٹریلین باؤلنگ اٹیک پر حملہ آور ہونے کی حکمت عملی اپنائی جو ایک بار پھر کارگر ثابت ہوئی۔ آسٹریلیا کو 51 کے مجموعے پر دوسری کامیابی ملی لیکن دوسرے اینڈ سے بیل نے جارحانہ بلے بازی جاری رکھی۔

اس کے بعد بیل نے روٹ کے ساتھ مل کر مزید کوئی اور وکٹ نہ گرنے دی اور دو وکٹ کے نقصان پر انگلینڈ کو ہدف تک رسائی دلا کر میچ میں کامیابی کے ساتھ ساتھ سیریز میں بھی 2-1 کی برتری دلا دی۔

آئن بیل نے 65 اور جو روٹ نے 34 رنز ی اننگ کھیلی.

اسٹیون فن کو میچ میں آٹھ وکٹیں لینے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا.

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا چوتھا ٹیسٹ چھ اگست سے ٹرینٹ برج میں ہو گا.

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں