'پاک چین اقتصادی راہداری ہر قیمت پر مکمل کرنے کاعزم '

31 جولائ 2015
جنرل راحیل شریف — اے پی فائل فوٹو
جنرل راحیل شریف — اے پی فائل فوٹو

اسلام آباد : آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے واضح کیا ہے کہ پاک ۔ چین اقتصادی راہداری (سی پی ای سی) کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے یا پیشرفت کو روکنے کی ہر کوشش کو ہر صورت ناکام بنادیا جائے گا۔

انہوں نے کہا " سی پی ای سی سے صرف پاکستان کو نہیں پورے خطے کو فائدہ پہنچے گا اور ہمیں توقع ہے کہ دنیا اقتصادی راہداری منصوبے کو اسی نظر سے دیکھے گی"۔

جنرل راحیل شریف نے یہ بات اسلام آباد میں پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کی 88 ویں سالگرہ کے حوالے سے ہونے والی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔

جنرل راحیل شریف نے کہا " میں اپنے اس عزم کا اعادہ کرتا ہوں کہ آپ کا دشمن ہمارا دشمن ہے اور ہم تمام چیلنجز سے اکھٹے مل کر مقابلہ کریں گے"۔

انہوں نے پی ایل اے کو مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان اور چین ہر موسم کے دوست ہیں جس میں وقت گزرنے کے ساتھ مزید اضافہ ہوگا۔

اس موقع پرانہوں نے پاک ۔ چین دوستی کوہمالیہ سے بلند سمندر سے گہری اورشہد سے بھی زیادہ میٹھی قرار دیا اور وقت کےساتھ دوستی کے بندھن میں مزید پختگی لانے کا اعادہ کیا۔

گزشتہ ہفتے آرمی چیف نے کہا تھا کہ فوج سی پی ای سی کو حقیقی روپ دینے کے لیے ہر قیمت چکانے کے لیے تیار ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں