ہندوستان کی قومی سلامتی کے مشیروں کی ملاقات کی پیشکش

02 اگست 2015
پاکستان نے تاحال اس ملاقات کے لیے سرتاج عزیز کی دستیابی ظاہر نہیں کی۔ رائٹرز فائل فوٹو۔
پاکستان نے تاحال اس ملاقات کے لیے سرتاج عزیز کی دستیابی ظاہر نہیں کی۔ رائٹرز فائل فوٹو۔

اسلام آباد: نئی دہلی نے ہندوستان اور پاکستان کو دہشت گردوں سے درپیش خطرات کے پیش نظر 23 اگست کو قومی سلامتی کے مشیروں کی ملاقات کی پیشکش کردی ہے۔

ایک پاکستانی سفارت کار نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے پیشرفت کی تصدیق کی تاہم ان کے مطابق تاحال ہندوستان کو سرتاج عزیز کی دستیابی کے حوالے سے تصدیق نہیں کی گئی۔

ہندوستان اس ملاقات کا انعقاد نئی دہلی میں کرنا چاہتا ہے۔

مزید پڑھیں: ہندوستانی مداخلت،اقوام متحدہ میں معاملہ اٹھانے پر غور

بظاہر پاکستان کے لیے اس ملاقات کو نظر انداز کرنا مشکل نظر آرہا ہے تاہم انتہائی معتبر ذریعے نے بتایا کہ مختلف آپشنز پر غور کیا جارہا ہے۔

خیال کیا جارہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی سے متعلق ان مذاکرات میں پاکستان کی پوزیشن کمزور ہے۔

وزیراعظم نواز شریف اور ان کے ہندوستان ہم منصب نریندر مودی کی اوفا (روس) میں ملاقات ہوئی تھی جس کے دوران قومی سلامتی کے مشیروں کی ملاقات پر اتفاق کیا گیا تھا۔

مذاکرات کی یہ دعوت ایک ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب 27 جولائی کو گرداس پور میں عسکریت پسندوں نے حملہ کردیا جس کا الزام پاکستان پر عائد کیا جارہا ہے۔

ہندوستان کے وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے پارلیمنٹ سے اپنے خطاب میں 'مناسب جواب' کی دھمکی دی ہے۔

ہندوستان میڈیا کے مطابق ہندوستان اس ملاقات کے دوران گرداس پور کا معاملہ پاکستان کے ساتھ اٹھانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

اس کے علاوہ ہندوستان ممبئی حملوں کے مبینہ منصوبہ سازوں کے ٹرائل اور زکی الرحمان لکھوی کی ضمانت کے معاملات پر بھی بات چیت کے لیے منصوبہ بندی کررہا ہے۔

دوسری جانب پاکستان کراچی، بلوچستان اور قبائلی علاقوں میں ہندوستانی مداخلت پر اپنے تحفظات سے آگاہ کرے گا۔

وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ و قومی سلامتی سرتاج عزیر نے قومی اسمبلی کو ایک تحریری جواب میں جمعے کے روز کہا تھا کہ میرے خیال میں وزیراعظم را کی سرگرمیاں اجاگر کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کو ضرور استعمال کریں گے۔

دوسری جانب انڈین ایکسپریس کے مطابق دہلی میں نامعلوم حکومتی ذرائع نے بتایا کہ دونوں اطراف ملاقات کے حوالے سے بات چیت جاری ہے جسے اگست کے اختتام میں منعقد کیا جاسکتا ہے۔

اخبار کے مطابق ہندوستان نے گرداس پور حملے میں پاکستان کو براہ راست قصوروار نہیں ٹہرایا بلکہ ایک خیال افروز وضاحت پیش کی گئی ہے۔

اخبار کے مطابق جی پی ایس کی ابتدائی تجزیے کے مطابق تین مسلح افراد کے پاکستان سے آنے کے اشارے موجود ہیں ۔

تبصرے (0) بند ہیں