ہندوستانی فورسز کی پاکستانی رہائشی علاقے پر فائرنگ

اپ ڈیٹ 02 اگست 2015
پاکستانی شہری بی ایس ایف کی جانب سے فائر کئے جانے والے مارٹر شیل دیکھا رہے ہیں — فائل فوٹو/ اے پی
پاکستانی شہری بی ایس ایف کی جانب سے فائر کئے جانے والے مارٹر شیل دیکھا رہے ہیں — فائل فوٹو/ اے پی

سیالکوٹ: انڈین بارڈر سیکیورٹی فورسز (بی ایس ایف) نے سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ورکنگ باؤنڈری پر بھجوات سیکٹر کے دیہات پر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی ہے۔

پنجاب رینجرز کے سینئر عہدیدار کے مطابق ہندوستانی فورسز کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے چھوٹے اور بھاری ہتھیاروں سے شہری علاقوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، ہندوستانی فورسز کی جانب سے فائرنگ کا سلسلہ رات دیر گئے تک جاری رہا۔

مقامی افراد کے مطابق بی ایس ایف کی جانب سے مارٹر شیل بھی فائر کئے گئے ہیں جن سے درجنوں مکان متاثر ہوئے جبکہ فصلوں میں گرنے والے بیشتر شیل پھٹ نہیں سکے۔

تاہم پنجاب رینجرزکی جانب سے جوابی کارروائی کے بعد سرحد پار سے فارنگ اور شیلنگ کا سلسلہ بند ہوا۔

مزید پڑھیں: ہندوستانی فورسز کی فائرنگ، 4 شہری ہلاک

واضح رہے کہ گزشتہ کافی مہینوں سے ہندوستان کی جانب سے پاکستانی سرحدی علاقے میں فائرنگ اور شیلنگ کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور متعدد بار دونوں ملکوں کے درمیان سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔

دسمبر 2013 میں پاکستان اور ہندوستان نے ایل او سی سیز فائر معاہدے 2003 کی پاسداری کرنے کے عزم کا اظہار کیا تھا، لیکن اس کے باوجود اس قسم کے واقعات رک نہیں سکے ۔

گزشتہ برس اگست میں بھی سیالکوٹ کی ورکنگ باؤنڈری پر متعدد بار ہندوستان کی طرف سے فائرنگ اور گولہ باری کی گئی جس میں کئی افراد ہلاک اور زخمی ہوئے، جبکہ متعدد مویشی بھی ہلاک ہوگئے تھے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Mohammad Ayub Khan Aug 02, 2015 11:03am
aor kiya hum ney is muameley ko ksi international forum par uthayaa hey