نئی دہلی: ہندوستان کی وزارت کھیل نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ومبلڈن ڈبل چیمپئن ثانیہ مرزا کا نام سب سے بڑے اعزاز ’راجیو گاندھی کھیل رتنا‘ کیلئے تجویز کیا گیا ہے۔

سیکریٹری کھیل اجیت شرن کے مطابق، وزیر کھیل سربنادا سونووال نے ٹینس میں ملک کا نام روشن کرنے پر ثانیہ کا نام اعزاز کیلئے تجویز کیا ہے۔

شرن کے مطابق انہیں اے آئی ٹی اے سے بہت تاخیر سے نامزدگی ملی لیکن وزیر کھیل نے اسے قبول کرتے ہوئے ایوارڈ کمیٹی کو بھجوا دیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ اعزاز پانے والے کا انتخاب مکمل طور پر ایوارڈ کمیٹی کا دائرہ اختیار ہے۔

یاد رہے کہ رواں سال جون میں ثانیہ نے اپنی سوئس پارٹنر مارٹینا ہنگز کے ساتھ اپنے کیرئیر کا پہلا ویمن ڈبل گرینڈ سلیم جیتا تھا۔

اپنے کیرئیر میں تین مکس ڈبل گرینڈ سلیم جیتنے والی ثانیہ کا ایوارڈ کیلئے سکوائش پلیئر دپیکا پلی کیل اور ڈسکس تھرور وکاس گاؤڈا سے مقابلہ ہے۔

ثانیہ کے والد اور کوچ عمران مرزا نے کہا کہ کھیل رتنا کے لیے نام تجویز ہونا ان کی بیٹی کیلئے ایک بڑا اعزاز ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں