شمالی وزیرستان میں تصادم، 5 'دہشتگرد' ہلاک

03 اگست 2015
آئی ایس پی آر فائل فوٹو۔
آئی ایس پی آر فائل فوٹو۔

پشاور: شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں عسکریت پسندوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان تصادم کے نتیجے میں پانچ مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق تصادم میں تین سیکیورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ زخمی ہونے والے اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

تاہم میڈیا کی علاقے میں محدود رسائی کے باعث اس خبر کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی ۔

جھڑپوں کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو عسکریت پسندوں سے کلیئر کرنے کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا۔

خیال رہے کہ حکومت اور تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے درمیان امن مذاکرات کی ناکامی اور کراچی کے ایئرپورٹ پر حملے کے بعد 15 جون 2014 کو آپریشن ضرب عضب کا آغاز کیا گیا۔

آپریشن کے نتیجے میں تقریباً دس لاکھ افراد کو شمالی وزیرستان نے نقل مکانی کرنا پڑی جبکہ اس کا مقصد افغانستان کی سرحد سے ملحقہ علاقوں میں عسکریت پسندوں کا ان ٹھکانوں سے صفایا ہے۔

فوج کے اعداد و شمار کے مطابق آپریشن میں اب تک ایک ہزار سے زائد عسکریت پسند جبکہ 86 فوجی اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں