سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 118 ہوگئی

03 اگست 2015
پاک بحریہ کے ریلیف کیمپ میں 700 متاثرین رہائش پذیر ہیں—بشکریہ پاک بحریہ۔
پاک بحریہ کے ریلیف کیمپ میں 700 متاثرین رہائش پذیر ہیں—بشکریہ پاک بحریہ۔

اسلام آباد: حکام کے مطابق پاکستان بھر کے مختلف علاقوں میں سیلاب کے باعث ہلاک ہونے والوں کی تعداد 118 ہوگئی ہے جبکہ متعدد علاقے زیر آب ہونے کے باعث ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔

نیشنل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ایک اعلامیے میں پیر کے روز کہا کہ سیلاب کی وجہ سے 2272 دیہاتوں میں آٹھ لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ 2900 گھر مسمار ہوگئے یا جزوی نقصان پہنچا۔

حکام کے مطابق سیلاب سے صوبہ خیبرپختونخوا سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں 59 اموات ہوئیں۔ اس کے علاوہ آزاد کشمیر اور صوبہ پنجاب میں 22 افراد ہلاک ہوئے۔

این ڈی ایم اے اور فوج اب تک ہزاروں افراد کے درمیان امدادی سامان تقسیم کرچکی ہے۔

آپریشن مدد

دوسری جانب گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاک بحریہ کی جانب سے بدین، خیرپور، پنوعقیل، لاڑکانہ، رانی پور اور گمبت میں 4000 افراد کو ریسکیو کیا جاچکا ہے۔

ایک اعلامیے کے مطابق پاک بحریہ نے سیلاب متاثرین کی عارضی رہائشگاہ کے لیے ایک ٹینٹ کالونی بھی بنائی ہے۔

اعلامیے کے مطابق اس وقت پاک بحریہ کے کیمپ میں 700 متاثرین رہائش پذیر ہیں۔

'آپریشن مدد' کے آغاز سے لیکر اب تک 12000 افراد کو ریسکیو کیا جاچکا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں