اسلام آباد: سابق ٹیسٹ کپتان جاوید میانداد نے پاک- انڈیا کرکٹ سیریز کی بحالی کے حوالے سے بی سی سی آئی کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر کے حالیہ بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

ٹھاکر نے اپنے بیان میں کہا تھا ’ہماری قوم کا امن اور سلامتی خطرے میں ہونے کی صورت میں کرکٹ نہیں ہو سکتی۔ کرکٹ کھیلنا مختلف بات ہے لیکن ہماری داخلی سیکیورٹی انتہائی اہم ہے‘۔

ٹھاکر کے مطابق ’اگر آپ پاکستان کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کی بات کرتے ہیں ، تو ہمیں یہاں سمجھنا چاہیئے کہ ہمارے لیے ہر ہندوستانی کی زندگی بہت اہم ہے‘۔

’بطور بی سی سی آئی سیکریٹری اور بطور ایک پارلیمنٹیرین، ہر ہندوستانی کی زندگی میرے لیے اہم ہے۔ یہ کرکٹ کی نہیں بلکہ میرے ملک کی بات ہے‘۔

میانداد نے پیر کو کہا کہ اس طرح کا نا پختہ رویہ کھیل کی روح کے منافی ہے لہذا اس میں تبدیلی آنی چاہیئے۔

’ہمارے کھلاڑی بھی انڈیا میں انڈین ٹیم کے خلاف کھیلتے ہوئے غیر محفوظ اور بے چینی محسوس کرتے ہیں لیکن اس کے باوجودہم نے ہمیشہ مثبت ردعمل دکھایا اور انڈیا میں کھیلنے کیلئے تیار رہے‘۔

تاریخی بلے باز میانداد نے کہا کئی عالمی ٹیموں نے متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے خلا ف سیریز کھیلیں لیکن ایک بی سی سی آئی عہدے دار کا یہ بیان بچگانہ ہے جس سے دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی اور کرکٹ تعلقات کو کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا۔

’برصغیر کے لوگوں کیلئے پاک-انڈیا سیریز بہت ضروری ہے، حتی کہ میں اسے ایشیز سے بھی بڑی سیریز قرار دوں گا اور یہ سیریز ضرور ہونی چاہیئے‘۔

میانداد نے امید ظاہر کی کہ انتہائی اعلی سطح پر انڈین حکام کی مداخلت سے یہ معاملہ حل ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب، پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک افسر نے ٹھاکر کے بیان پر کوئی باظابطہ تبصرہ کرنے سے انکا رکر دیا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Muhammad Ayub Khan Aug 04, 2015 11:55am
انڈین بورڈ کا رویہ بچگانہ bahaana hey