شجاع خانزادہ قتل: 'نامعلوم افراد' پر مقدمہ درج

شجاع خانزادہ کے ڈیرے پر دھماکے کے بعد کے مناظر—۔فائل فوٹو/ رائٹرز
شجاع خانزادہ کے ڈیرے پر دھماکے کے بعد کے مناظر—۔فائل فوٹو/ رائٹرز
شجاع خانزادہ کے ڈیرے پر دھماکے کے بعد کے مناظر—۔فائل فوٹو/ آن لائن
شجاع خانزادہ کے ڈیرے پر دھماکے کے بعد کے مناظر—۔فائل فوٹو/ آن لائن

راولپنڈی: وزیر داخلہ پنجاب کرنل (ر) شجاع خانزادہ کے قتل کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف رنگو پولیس اسٹیشن میں درج کرلیا گیا ہے.

رنگو پولیس اسٹیشن کے اسٹیشن ہاؤس پولیس افسر (ایس ایچ او) غلام شبیر نے ایف آئی آر پاکستان پینل کوڈ ایکسپلوسو ایکٹ 1884 کی دفعہ 302 اور انسداد دہشت گردی کی دفعہ 7 اور پروٹیکشن آف پاکستان آرڈینس کی دفعہ 16 کے تحت درج کی.

یاد رہے کہ پنجاب کے وزیر داخلہ پر ہونے والے خود کش حملے کی ابتدائی رپورٹ پولیس نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو پیش کردی ہے جس میں حملے کا ذمہ دار لشکر جھنگوی کو ٹھہرایا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: وزیر داخلہ پنجاب خود کش حملے میں ہلاک

خیال رہے کہ اٹک کے علاقے شادی خان گاؤں میں گذشتہ روز ہونے والے خود کش دھماکے میں پنجاب کے وزیر داخلہ شجاع خانزادہ ہلاک ہوگئے تھے۔

حکام کے مطابق حملے میں دیگر 18 افراد بھی ہلاک ہوئے، جن میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) حضرو شوکت علی شاہ بھی شامل تھے، جو شجاع خانزادہ کی سیکیورٹی پر معمور تھے.

صوبائی وزیر داخلہ کے قتل پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف اور پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے واقعے کی شدید مذمت کی.

یہ بھی پڑھیں: شجاع خانزادہ پر حملہ: ابتدائی رپورٹ پیش

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ریٹائرڈ کرنل شجاع خانزادہ کی ہمت اور بہادری دہشت گردی کے حملوں کے ماسٹر مائنڈ کی شکست کے لیے ایک پیغام ہے۔

دوسری جانب جنرل راحیل شریف نے سیکیورٹی ایجنسیز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ذمہ داران کو تلاش کرنے میں مدد کریں،انھوں نے واقعے کو بزدلانہ فعل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حملے دہشت گردی کے خاتمے کے ہمارے قومی عزم کو کمزور نہیں کرسکتے۔

صدر ممنون حسین نے بھی دہشت گردی کے خلاف شجاع خانزادہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انھیں خراج تحسین پیش کیا اور اپنے پیغام میں کہا کہ قوم ہمیشہ مرحوم وزیر داخلہ کی خدمات یاد رکھے گی۔

اس خبر سے متعلق مزید پڑھیں: ' دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی تبدیل کی جائے'

ڈان نیوز کے مطابق وزیر داخلہ پر ہونے والے خود کش حملے کی تحقیقات کی ذمہ داری حساس اداروں کو سونپ دی گئی ہے.

شجاع خانزادہ کا قتل: تحقیقات میں تعاون کے لیے امریکی پیش کش

پنجاب کے وزیر داخلہ شجاع خانزادہ کے قتل کی تحقیقات میں مدد فراہم کرنے کے لیے امریکا نے تعاون کی پیش کش کردی ہے۔

ترجمان امریکی سفارتخانے کے مطابق امریکا اٹک دہشتگردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتا ہے اور ’واقعے کی تحقیقات کرنے والے ادارے اگر چاہیں تو امریکا تحقیقات میں تعاون کے لیے تیار ہے۔‘

ترجمان نے سانحے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں امریکا، حکومت اور پاکستانی عوام کے ساتھ ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں