شوال میں فوج کا زمینی آپریشن شروع

اپ ڈیٹ 21 اگست 2015
۔—فائل فوٹو۔
۔—فائل فوٹو۔

راولپنڈی: شمالی وزیرستان کی وادی شوال میں دہشت گردوں کے خلاف زمینی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم باجوہ نے ٹوئٹر پر کہا کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے مؤثر کارروائی کیلیے فضائی اور زمینی فوج کے درمیان مربوط رابطے کی ہدایت کی ہے۔

ان کے مطابق آرمی چیف نے فورسز کو مطلوبہ اہداف جلد سے جلد حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

یہ پیشرفت ایک ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب فوج گزشتہ کئی روز سے شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں جیٹ طیاروں کے ذریعے بمباری کررہی تھی جس کے نتیجے میں درجنوں مبینہ عسکریت پسندوں کی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

جمعرات کے روز اسی طرح کی ایک کارروائی میں 43 مبینہ عسکریت پسند ہلاک ہوئے جبکہ گزشتہ روز 25 شدت پسند مارے گئے تھے۔

وفاق کے زیر انتظام پاک افغان سرحد پر واقع شمالی وزیرستان سمیت سات قبائلی ایجنسیوں کو عسکریت پسندوں کی محفوظ پناہ گاہ سمجھا جاتا تھا۔

حکومت اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے درمیان امن مذاکرات کی ناکامی اور کراچی ایئرپورٹ پر حملے کے بعد پاک فوج نے گزشتہ سال 15 جون کو شمالی وزیرستان میں آپریشن عضب شروع کیا تھا۔

پاک فوج کے مطابق آپریشن کے آغاز سے لیکر اب تک 2800 سے زائد عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا جاچکا ہے جبکہ ایجنسی کے زیادہ تر علاقوں پر فوج نے کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔

تاہم ضرب عضب کے دوران کامیابی کی قیمت بھی ادا کرنی پڑی ہے جہاں پاک فوج کے 347 فوجی ہلاک ہوئے جبکہ لاکھوں افراد کو نقل مکانی کرنا پڑی۔

فوج کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان آپریشن کے آخری مرحلے کا آغاز کردیا گیا ہے جس کے دوران طالبان عسکریت پسندوں کو علاقہ بدر کردیا جائے گا۔

علاقے میں آزاد میڈیا کی رسائی نہ ہونے کی وجہ سے تمام تر تفصیلات آئی ایس پی آر کی جانب فراہم کی جاتی ہیں۔

تاہم فوج کی جانب سے آپریشن کے آغاز کے بعد ایک مرتبہ ملکی اور غیرملکی میڈیا کو تحصیل میرعلی کا دورہ کروایا گیا تھا۔

شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی کو دہشت گردوں سے خالی کروانے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کا دائرہ کار شمالی وزیرستان کے دوردراز علاقوں تک بڑھا دیا ہے۔

تبصرے (3) بند ہیں

shahriyar Hussain Aug 20, 2015 11:52pm
Pakistan ko terrorist se pak krny k liay zaruri ha k Afghanistan ke dakhli or kharji raston py army ki check post lags k check balance system behtr kia jaey pak army zindaabad Dawn news paindabad
Muhammad Ayub khan Aug 21, 2015 01:45am
eisa karachi meyn bhi kareyN
جارج خمینی Aug 21, 2015 10:27am
@shahriyar Hussain ڈان نیوز کس خوشی میں پائندہ باد؟؟؟