2 روز میں کالعدم تنظیم کے 182 ممبران گرفتار

26 اگست 2015
— فائل فوٹو/ آئی این پی
— فائل فوٹو/ آئی این پی

لاہور: پنجاب پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی مدد سے گزشتہ 2 روز میں صوبے بھر سے کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 182 کارکنوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

سی ٹی ڈی ترجمان کا کہنا ہے کہ کالعدم لشکر جھنگوی اور سپاہ محمد سے تعلق رکھنے والے 500 افراد کی فہرست حساس اداروں اور سی ٹی ڈی کے خفیہ محکمہ نے مشترکہ طور پر تیار کی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ریجنل پولیس افسران (آر پی اوز) کی کانفرنس کے دوران یہ طے پایا تھا کہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں کالعدم تنظیموں کے سرگرم کارکنوں کو گرفتار کیا جائے گا جس پر ان کے خلاف کارروائی کا آغاز ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں مختلف کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیم کے 182 افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ صوبائی دارالحکومت لاہور سے کالعدم لشکر جھنگوی اور سپاہ محمد کے 39 کارکنوں کو گرفتار کرکے تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا۔

انھوں نے کہا کہ اطلاعات تھیں کہ گرفتار کیے جانے والے کالعدم تنظیموں کے کارکنوں کا تعلق اہم دہشت گرد تنظیموں سے ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی طور پر یہ طے ہوا تھا کہ فورتھ شیڈول میں شامل 1600 افراد کی الیکٹرانک نگرانی کی جائے گی تاہم تکنیکی مسائل کے باعث قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ان افراد کی نقل و حرکت کی نگرانی کے لیے آلات نصب نہیں کیے جاسکے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ مناسب شواہد نہ ہونے کی وجہ سے فورتھ شیڈول میں شامل ان افراد کو جیل منتقل نہیں کیا جاسکتا جبکہ ان میں سے بیشتر کا تعلق اہم دہشت گرد تنظیموں سے ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔

دوسری جانب کالعدم تنظیم سپاہ محمد سے تعلق رکھنے والا ایک شخص گھر میں نظر بندی کے دوران مبینہ طور پر لاپتہ ہوگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ غلام رضا نقوی جس کا نام فورتھ شیڈول فہرست میں شامل تھا، ہانجروال کے گھر میں نظر بند تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Mohammad Ayub Khan Aug 26, 2015 01:12pm
bey rozgaariy kam kardo-- yeh log apni mot aap mar jayen gey---kin chakroN mey parh gaye ho