کراچی: عالمی شہرت یافتہ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے بدھ کے روز پاکستان میں مستقبل میں بہترین باکسرز پیدا کرنے میں مدد کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ماضی میں دو مرتبہ عالمی چیمپئن عامر ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہیں جنہوں نے خیبرپختونخوا، پنجاب اور کراچی میں باکسنگ کی تربیت گاہیں کھولنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

لیاری کے دورے کے دوران عامر خان ہاتھ ہلا رہے ہیں. رائٹرز
لیاری کے دورے کے دوران عامر خان ہاتھ ہلا رہے ہیں. رائٹرز

لیاری کے دورے کے موقع پر 28 سالہ باکسر کا کہنا تھا کہ 'میرے خیال میں ہمارے پاس بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، میں نے قوم سے وعدہ کیا ہے کہ میں نے باکسنگ میں جو کچھ حاصل کیا ہے اس کا احسان ضرور چکاؤں گا۔'

لیاری کے دورے کے موقع پر ان کا کہنا تھا کہ 'میں یہاں مستقبل کے ممکنہ چیمپئنز سے ملنے آیا ہوں اور مجھے کسی چیز کا خوف نہیں، ہم ملک کر دہشت گردی کو شکست دیں گے اور نامور باکسرز پیدا کریں گے۔'

انہوں نے کہا کہ وہ پاکستانی باکسرز کی تربیت کریں گے تاکہ وہ اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرسکیں۔

پاکستان کی جانب سے 1988 کے سیول اولمپکس کے دوران حسین شاہ نے کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔

باکسنگ کے مقابلوں میں اولمپکس میں یہ پاکستان کا واحد تمغہ ہے۔

اس کے علاوہ 2002 کے ایشین گیمز کے دوران مہراللہ لاسی نے جنوبی کوریا میں سونے کا تمغہ حاصل کیا تھا—اے ایف پی۔

تبصرے (0) بند ہیں