انگلش کاؤنٹی وورسسٹر شائر نے مایہ ناز پاکستانی آف اسپنر سعید اجمل کو اپنے اسکواڈ سے ڈراپ کر کے ویسٹ انڈین باؤلر شینن گیبریئل کو طلب کر لیا ہے جس سے اسپنر کی انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔

آف اسپنر نے آئی سی سی کی جانب سے ایکشن مشکوک قرار دیے جانے کے بعد اپنے ایکشن پر دوبارہ کام کیا جس کے بعد رواں سال کے اوائل میں ان کے ایکشن کو کلیئر کردیا گیا تاہم نئے ایکشن کے ساتھ وہ اپنی سابقہ افادیت برقرار نہ رکھ سکے۔

پہلے انہیں قومی ٹیم سے ڈراپ کیا گیا اور اب انہیں انگلش کاؤنٹی نے بھی ڈراپ کر کے ویسٹ انڈین فاسٹ باؤلر سے معاہدہ کر لیا ہے۔

رواں سیزن میں اجمل وورسسٹر شائر کی جانب سے کوئی خاص متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکے اور 48.5 اوورز میں صرف 6 وکٹیں لے سکے جس کی وجہ سے باؤلنگ کا تمام تر بوجھ سیم باؤلرز جیک شانتری، جو لیچ اور چارلی مورس پر پڑ گیا۔

اس وقت انگلش کاؤنٹی ٹیم کو اپنا فرسٹ ڈویژن کا اسٹیٹس برقرار رکھنے کا چیلنج درپیش ہے اور اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے انہوں نے اجمل کو ڈراپ کردیا ہے تاکہ اگلے میچوں میں بہتر کارکردگی دکھا کر اپنا اسٹیٹس برقرار رکھ سکیں۔

اجمل آئندہ سسیکس کے خلاف ہونے والے میچ کے بعد ممکنہ طور پر پاکستان واپس آئیں گے لیکن اس کا دارومدار ویسٹ انڈین بورڈ کی جانب سے گیبریئل کو ووسسٹرشائر اجازت ملنے پر ہے۔

انگلش کاؤنٹی ڈویژن ون میں اس وقت وورسسٹر شائر نیچے دوسرے نمبر پر ہے جہاں سسیکس اس سے چار پوائنٹس آگے ہے جبکہ سمرسیٹ اس سے مزید نو پوائنٹس کی برتری لیے ہوئے ہے۔

وورسسٹرشائر نے سعید اجمل سے معاہدہ ختم کرنے کے حوالے سے تو کوئی وضاحت نہیں کی لیکن کاؤنٹی ٹیم سے ڈراپ ہونے کے بعد ان کی قومی ٹیم میں واپسی کی موہوم سی امید بھی دم توڑتی نظر آ رہی ہے۔

سعید اجمل کی جگہ شامل کیے جانے والے شینن گیبریئل 14 ٹیسٹ میچوں میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کا اعزاز رکھتے ہیں اور اب تک 32 وکٹیں لے چکے ہیں۔

وورسسٹر شائر کے ڈائریکٹر اسٹیو رہوڈز نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ 90 میل فی گھنٹا کی رفتار کے حامل رہوڈز کی بدولت ہمیں ایک مختلف تجربہ ہونے کے ساتھ ساتھ کافی فائدہ ہو گا، ہم آخری دو میچوں کیلئے ان کے منتظر ہیں اور یقیناً وہ واضح فرق ثابت ہوں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں