فواد خان، سدھارتھ ملہوترا کیلئے "مسئلہ"

اپ ڈیٹ 28 اگست 2015
فواد خان (بائیں) اور سدھارتھ ملہوترا (دائیں)—۔فوٹو/ بشکریہ انڈین ایکسپریس
فواد خان (بائیں) اور سدھارتھ ملہوترا (دائیں)—۔فوٹو/ بشکریہ انڈین ایکسپریس

پاکستانی اداکار فواد خان اور "کپور اینڈ سنز" میں ان کے ساتھی اداکار سدھارتھ ملہوترا کا بھائی چارہ اور دوستی آج کل خبروں میں اِن ہے.

اب یہ دوستی ایک اہم سنگ میل عبور کرچکی ہے اور سدھارتھ نے فواد کا ایک نِک نیم ( پیار سے رکھا گیا نام) رکھ دیا ہے، جو دونوں کی مضبوط دوستی کا ثبوت ہے.

بولی وڈ لائف کے مطابق سدھارتھ ، اپنے دوست فواد کو "مسئلہ" کہہ کر پکارتے ہیں اور انھوں نے پاکستانی اداکار کانام اپنے فون میں بھی اِسی نام سے محفوظ کر رکھا ہے.

واضح رہے کہ فواد خان اردو لفظ "مسئلہ" کثرت سے استعمال کرتے ہیں.

حتیٰ کہ جب دونوں دوست (فواد اور سدھارتھ) سلمان خان کی حالیہ فلم "بجرنگی بھائی جان" سینما میں ایک ساتھ دیکھ رہے تھے، تو فلم میں پاکستانی صحافی کا کردار ادا کرنے والے نواز الدین صدیقی کی جانب سے لفظ "مسئلہ" کہنے پر انھوں نے سیٹی بجاکر فواد کو چھیڑا.

اس سے قبل خبریں سامنے آئی تھیں کہ فواد خان اپنے "کپور اینڈ سنز" کے دوستوں کو اردو سکھانے کے لیے لیکچر دے رہے ہیں.

مزید پڑھیں: 'فارغ وقت میں فواد کے ساتھ کرکٹ کھیلی'

سدھارتھ نے اس سے قبل ایک انٹرویو میں فلم "کپور اینڈ سنز" کی شوٹنگ کے دوران فواد خان کے ساتھ گزارے گئے بہترین وقت کے حوالے سے بتایا تھا کہ "کونور میں فلم کی شوٹنگ کے دوران جب ہمارے پاس کرنے کو کچھ نہیں ہوتا تھا تو میں اور فواد فلموں کے حوالے سے بہت ساری باتیں کرتے تھے، ہم نے کرکٹ بھی کھیلی، فواد خان کے ساتھ کام کرکے مجھے بہت مزا آیا."

فلم "کپور اینڈ سنز" کی کاسٹ میں فواد خان، سدھارتھ ملہوترا، عالیہ بھٹ، رشی کپور، رتنا پھٹک شاہ اور رجت کپور شامل ہیں، دھرما پروڈکشن کی پیش کش اس فلم کی ہدایات شکن بترا نے دی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں