لندن: سابق زمبابوین کپتان برینڈن ٹیلر ٹاٹنگھم شائر کاونٹی کی جانب سے ایک روزہ میچ جیتنے کے بعد کسی عام شہری کی گاڑی میں سوتے ہوئے پائے گئے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 45 سالہ مائیکل وائٹ ٹیکر نے بتایا کہ وہ کام پر جانے کے لیے نکل رہے تھے کہ انہوں نے کسی کو اپنی گاڑی میں سوتے ہوئے دیکھا۔

انہوں نے فوری پولیس کو مطلع کیا اور معلوم کرنے پر پتہ چلا کہ سونے والا شخص اور کوئی نہیں بلکہ ایک بین الاقوامی کرکٹر ہے۔

مائیکل نے بتایا کہ بیدار کرنے پر برینڈن کو معلوم نہیں تھا وہ کہاں ہیں اور وہ اپنے اس عمل پر انتہائی شرمندہ بھی تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ انتہائی مزاحیہ صورتحال تھی، کیوں کہ نہ مجھے، نہ برینڈن کو یہاں تک کے پولیس کو بھی نہیں پتہ تھا کہ کیا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ آخر یہ کوئی عام واقعہ نہیں کہ کوئی نامور کرکٹر آپ کی گاڑی میں سوتا ہوا ملے۔

پولیس حکام کے مطابق ’موقع پر پہنچے پر ہمیں وہاں کچھ نہیں ملا نہ گاڑی کو کوئی نقصان پہنچا تھا نہ ہی کوئی اور غلطی سرزد ہوئی‘۔

انہوں نے کہا 'برینڈن بہت شرمندہ تھے یہاں تک کہ انہوں نے گاڑی کی اندر سے صفائی کی پیشکش بھی کردی، اس پورے واقعے سے متعلق برینڈن ٹیلر اور ٹاٹنگھم شائرکی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں