کولمبو ٹیسٹ کے تیسرے دن 15 وکٹیں گر گئیں

30 اگست 2015
چتیشور پجارا کے آؤٹ ہونے کا منظر، پہلی اننگ میں 142 رنز کے ساتھ بیٹ کیری کرنے والے پجارا دوسری اننگ میں صفر پر آؤٹ ہوئے۔ فوٹو رائٹرز
چتیشور پجارا کے آؤٹ ہونے کا منظر، پہلی اننگ میں 142 رنز کے ساتھ بیٹ کیری کرنے والے پجارا دوسری اننگ میں صفر پر آؤٹ ہوئے۔ فوٹو رائٹرز

کولمبو: سری لنکا اور ہندوستان کے درمیان تیسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن 15 وکٹیں گرنے کے بعد میچ سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔

میچ کے تیسرے ہندوستان نے 292 رنز آٹھ کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگ دوبارہ شروع کی تو پوری ٹیم 312 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

142 رنز بنانے والے چتیشور پجارا نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے بیٹ کیری کیا، وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے چوتھے ہندوستانی بلے باز ہیں۔

جواب میں سری لنکن اننگ کا آغاز کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہ تھا اور 47 رنز پر چھ بلے باز پویلین لوٹ چکے تھے۔

اس موقع پر کشال پریرا اور رنگنا ہیراتھ نے بیٹنگ لائن کو سنبھالا دیا اور 79 رنز کی شراکت قائم کی۔

کشال آؤٹ ہونے والے چھٹے بلے باز تھے جو 55 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔

رنگنا ہیراتھ نے اختتامی بلے بازوں کے ساتھ ذمے دارانہ بلے بازی کی جس کی بدولت سری لنکن ٹیم پہلی اننگ میں 201 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

ہیراتھ نے 49 جبکہ دھمیکا پرساد نے 27 رنز بنائے۔

ہندوستان کی جانب سے ایشانت شرما پانچ وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ امیت مشرا اور اسٹورٹ بنی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہندوستان نے 111 رنز کی برتری کے ساتھ اننگ کا آغاز کیا تو صرف 2 رنز پر دونوں اوپنرز پویلین لوٹ گئے۔

ابھی اسکور سات تک ہی پہنچا تھا کہ اجنکیا راہانے بھی نوان پرادیپ کی گیند پر وکٹوں کے سامنے پیڈ لانے کے جرم میں آؤٹ قرار پائے۔

جب تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو ہدنوستان نے تین وکٹ کے نقصان پر 21 رنز بنائے تھے، ویرات کوہلی اور روہت شرما وکٹ پر موجود ہیں جبکہ ہندوستان کی مجموعی برتری 132 رنز کی ہو گئی ہے۔

یاد رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے.

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں