کولمبو: سری لنکا پر شکست کے بادل منڈلانے لگے

اپ ڈیٹ 31 اگست 2015
ہندوستانی کپتان ویرات کوہلی اپ؛ تھرنگا کے آؤٹ ہونے کے بعد جشن مناتے ہوئے۔ فوٹو رائٹرز
ہندوستانی کپتان ویرات کوہلی اپ؛ تھرنگا کے آؤٹ ہونے کے بعد جشن مناتے ہوئے۔ فوٹو رائٹرز

کولمبو: سری لنکا اور ہندوستان کے درمیان جاری تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم 386 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 67 رنز پر تین وکٹیں گنوا کر شکست کے خطرے سے دوچار ہو چکی ہے۔

میچ کے تیسرے دن ہندوستان نے 21 رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے اننگ شروع کی تو کپتان ویرات کوہلی اور روہت شرما نے اسکور کو 64 تک پہنچا دیا لیکن اسی مجموعے پر نوان پرادیپ نے مہمان کپتان کو تھارنگا کی مدد سے قابو کر لیا۔

روہت شرما نے اسٹور بنی کے ساتھ مل کر 54 رنز کی شراکت قائم کی لیکن 50 رنز بنانے کے بعد وہ دھمیکا پرساد کو وکٹ دے بیٹھے۔

118 رنز پر پانچ وکٹیں گنوانے کے بعد ہندوستانی ٹیم شدید مشکلات سے دوچار تھی اور ایسے میں 200 رنز تک رسائی بھی مشکل نظر آرہی تھی لیکن نچلے نمبروں کے بلے بازوں نے مشترکہ کوشش سے اسکور کو معقول مقام تک پہنچا دیا۔

اسٹورٹ بنی نے 49، نیمان اوجھا 35، امیت مشرا 39 اور روی چندرہ ایشون نے 58 رنز کی اننگ کھیل اپنی ٹیم کا مجموعہ 274 رنز تک پہنچا دیا۔

ہندوستان کی پوری ٹیم 274 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی لیکن پہلی اننگ میں بھاری برتری کی بدولت انہوں نے باؤلرز کیلئے سازگار وکٹ پر سری لنکا کو جیت کیلئے 386 رنز کا ہدف دیا۔

سری لنکا کی جانب سے نوان پرادیپ اور دھمیکا پرساد نے چار چار وکٹیں حاصل کیں۔

بڑے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن اننگ کا آغاز گزشتہ اننگ سے زیادہ ہولناک ثابت ہوا اور دو کے مجموعی اسکور پر اپل تھارنگا اور دمتھ کرونارتنے غیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔

21 کے مجموعی اسکور پر دنیش چندیمل بھی ایشانت شرما کی گیند کو چھیڑنے کی کوشش میں سلپ میں کیچ دے بیٹھے۔

اس کے بعد کشال سلوا اور کپتان اینجلو میتھیوز نے مزید کوئی اور وکٹ نہ گرے دی اور دن کے اختتام تک اسکور کو 67 تک پہنچا دیا تاہم انہیں ابھی بھی میچ میں شکست سے بچنے کیلئے مزید 319 رنز درکار ہیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں