کراچی : نجی یونیورسٹی کے قریب کریکر دھماکے سے افراتفری

31 اگست 2015
حبیب یونیورسٹی کیمپس — فوٹو بشکریہ حبیب یونیورسٹی ویب سائٹ
حبیب یونیورسٹی کیمپس — فوٹو بشکریہ حبیب یونیورسٹی ویب سائٹ

کراچی : کراچی علاقے گلستان جوہر میں ایک نجی یونیورسٹی کے قریب نامعلوم شرپسندوں کی فائرنگ اور کریکر حملے میں دو افراد زخمی ہوگئے جس کے بعد وہاں خوف پھیل گیا۔

ایس پی گلشن عابد قائم خانی نے بتایا کہ نامعلوم شرپسندوں نے دو کریکرز پھینکے جو حبیب یونیورسٹی کی دیوار کے قریب گرے۔

ان کا کہنا تھا کہ کریکر دھماکوں کے بعد یونیورسٹی کے محافظوں نے ہوائی فائرنگ کی " ایسا نظر نہیں آتا کہ یہ یونیورسٹی پر حملہ تھا بلکہ اس کا مقصد خوف اور لوگوں کو ہراساں کرنا تھا"۔

پولیس اور رینجرز کے دستوں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ملحقہ علاقے پہلوان گوٹھ میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔

حبیب یونیورسٹی کے صدر واصف رضوی نے بتایا " یہ یونیورسٹی سے متعلق کوئی واقعہ نہیں تھا"۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلوان گوٹھ کے علاقے میں امن و امان کی صورتحال زیادہ بہتر نہیں جہاں اکثر فائرنگ ہوتی رہتی ہے اسی لیے یونیورسٹی کے سیکیورٹی گارڈ الرٹ ہوگئے۔

یونیورسٹی کے ترجمان سبطین نقوی نے بتایا کہ رینجرز اور پولیس کے دستوں نے کیمپس میں سرچ آپریشن کرکے اسے کلیئر کردیا۔

ترجمان کے مطابق فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں یونیورسٹی کے قریب سنی گئی تھیں۔

جناح ہسپتال کی ڈاکٹر سیمی جمالی نے بتایا " ہمارے پاس اس واقعے کے بعد 25 سالہ عبدالرحمان اور 24 سالہ حنیف عصمت اللہ نامی دو زخمیوں کو لایا گیا"۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ان دونوں کو ٹانگوں پر گولیاں لگی تھیں اور اب ان کی حالت بہتر ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں