پاک-ہند سرحدی کشیدگی، ’یو این چیف کی نگرانی‘

01 ستمبر 2015
اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری بان کی مون — فائل فوٹو/ اے ایف پی
اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری بان کی مون — فائل فوٹو/ اے ایف پی

اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری بان کی مون جنوبی ایشیاء کے دو پڑوسیوں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جاری سرحدی کشیدگی کی نگرانی کرتے ہوئے دونوں ممالک کو تحمل سے کام لینے پر زور دیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے میں دونوں ممالک کی فورسز کے درمیان سرحد پر ہونے والی جھڑپوں میں 8 پاکستانی شہری اور 3 ہندوستانی شہری ہلاک ہوگئے تھے۔

یو این کے ترجمان اسٹیفن کا کہنا ہے کہ ’پاکستان اور ہندوستان کے درمیان لائن آف کنٹرول پر ہونے والی سرحدی کشیدگی کی صورت حال کی نگرانی کی جارہی ہے۔‘

اس سے قبل ایک بیان میں یو این چیف بان کی مون نے پاکستان اور ہندوستان کی حکومتوں پر زور دیا تھا کہ وہ تحمل سے کام لیں اور دونوں جانب کے شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔

بان کی مون کی جانب سے پاکستان اور ہندوستان پر زور دیا گیا تھا کہ وہ اپنے درمیان موجود اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے حل کریں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان قومی سلامتی کے مشیروں کی سطح پر گزشتہ ماہ ہونے والے مذاکرات شروع ہونے سے کچھ گھنٹوں قبل ہی ملتوی ہوگئے تھے جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سرحدی علاقوں پر کشیدگی میں اضافہ ہوا۔

دونوں ممالک کے قومی سلامتی کے مشیروں کی ملاقات دہلی میں ہونا تھی تاہم ملاقات سے قبل ہندوستان کی جانب سے صرف دہشت گردی پر بات چیت کرنے اور کشمیر کو اس ملاقات کے ایجنڈے میں شامل نہ کرنے کی شرط پر سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ ملاقات میں کشمیر سمیت تمام مسائل پر بات چیت کی جائے گی اور مذاکرات کسی بھی پیشگی شرائط کے بغیر ہوگے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں