ایشانت کی 'زبان درازی' پر آئی سی سی کا نوٹس

01 ستمبر 2015
امپائر نیجل ایل لانگ ہندوستانی فاسٹ باؤلر ایشانت شرما کو تنبیہ کرتے ہوئے۔ فوٹو رائٹرز
امپائر نیجل ایل لانگ ہندوستانی فاسٹ باؤلر ایشانت شرما کو تنبیہ کرتے ہوئے۔ فوٹو رائٹرز

کولمبو: ہندوستانی فاسٹ باؤلر ایشانت شرما اور تین سری لنکن کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا ہے۔

سری لنکا اور ہندوستان کے درمیان تیسرا ٹیسٹ میچ شروع سے ہی تناؤ کے ماحول میں کھیلا گیا اور میچ میں اکثر مواقعوں پر امپائر کو بیچ میں آ کر کھلاڑیوں کے درمیان صلح کرانی پڑی۔

اس دوران ہندوستانی فاسٹ باؤلر ایشانت شرما نے خصوصاً کافی جارحانہ رویہ اختیار کیا ار اکثر مواقعوں پر سری لنکن باؤلرز اور بلے بازوں سے الجھتے نظر آئے۔

واضح رہے کہ ایشانت پر دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران بھی جارحانہ رویہ اختیار کرنے پر میچ فیس کا 65 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔

پیر کو تیسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن لہیرو تھری مانے، دنیش چندیمل اور فاسٹ باؤلر دھمیکا پرساد سے لفظی جنگ ہوئی جس پر ہندوستانی فاسٹ باؤلر کے ساتھ ساتھ تینوں سری لنکن کھلاڑیوں کو بھی آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب ٹھہرایا گیا۔

آئی سی سی نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ اس سلسلے میں تفصیلات کا اعلان ٹیسٹ کا نتیجہ آنے پر کیا جائے گا۔

پیر کو بیٹنگ کرتے ہوئے دھمیکا پرساد نے ایشانت کو چند باؤنسرز کرائیں جن سے وہ بچ نکلے، اس کے بعد ایشانت نے ایک رن لیا اور اس دوران جارحانہ انداز میں اشارے کیے جس سے فیلڈ میں تناؤ بڑھ گیا۔

اس موقع پر چندیمل نے سلپ سے آ کر ایشانت کو کندھا مارا جبکہ ہندوستانی اننگ کے اختتام پر ایشانت شرما ڈریسنگ روم کی جانب گئے تو پرساد بھی تیزی سے ان کے پیچھے ہو لیے۔

پھر جب دوسری اننگ میں ایشانت نے اپل تھارنگا اور دنیش چندیمل کو آؤٹ کرنے کے بعد جارحانہ انداز میں جشن منایا۔

اس موقع پر امپائر نے دونوں کھلاڑیوں سے بات کرنے کے ساتھ ساتھ ایشانت کو بھی رویہ بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں