کولمبو ٹیسٹ اور سیریز ہندوستان کے نام

01 ستمبر 2015
میچ اور سیریز میں فتح کے بعد ہدنوستانی کپتان ویرات کوہلی کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے۔ فوٹو اے ایف پی
میچ اور سیریز میں فتح کے بعد ہدنوستانی کپتان ویرات کوہلی کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے۔ فوٹو اے ایف پی

کولمبو: ہندوستان نے سری لنکا کو تیسرے ٹیسٹ میچ میں 117 رنز سے شکست دے کر سیریز 2-1 سے اپنے نام کرنے کے ساتھ ساتھ 1993 کے بعد پہلی مرتبہ سری لنکن سرزمین پر سیریز نہ جیتنے کا جمود بھی توڑ دیا۔

منگل کو ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز سری لنکن ٹیم میں میدان میں اتری تو شکست کے گہرے بادل اس کے سر پر منڈ لا رہے تھے۔

کپتان اینجلو میتھیوز اور کشال سلوا نے 67 رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے اننگ دوبارہ شروع کی تو مجموعے میں سات رنز کے اضافے سے کشال ہمت ہار گئے۔

میتھیوز اور لہیرو تھری مانے نے اسکور کو 107 تک پہنچایا لیکن اسی اسکور پر سری لنکا پانچویں وکٹ سے محروم ہو کر بحرانی کیفیت سے دوچار ہو گیا۔

اس موقع پر سری لنکن کپتان نے کشال پریرا کے ساتھ اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا اور چھٹی وکٹ کیلئے 135 رنز کی شراکت قائم کی۔

اس موقع پر ہندوستانی کپتان کے چہرے پر پریشانی صاف محسوس کی جا سکتی تھی جنہیں یقینی فتح ہاتھ سے نکلتی ہوئی نظر آرہی تھی۔

لیکن 242 کے مجموعے پر وکٹ پر مکمل طور پر سیٹ پریرا نے اپنے پیر کلہاڑی مارتے ہوئے غیر ضروری ریورس سوئپ کھیلا اور گیند سیدھی روہت شرما کے ہاتھ میں محفوظ ہو گئی، انہوں نے 70 رنز بنائے۔

اس وکٹ کے گرنے کے بعد ہندوستان کی میچ میں فتح کے امکانات روشن ہو گئے اور نئی گیند ملنے کے بعد ایشانت نے سری لنکن کپتان کو آؤٹ کر کے اپنی جیت پر مہر ثبت کردی۔

میتھیوز نے بحرانی حالات میں شاندار بلے بازی کرتے ہوئے سنچری اسکور کی لیکن اپنی ٹیم کو شکست سے بچانے میں ناکام رہے۔

اس کے بعد بقیہ سری لنکن بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور ہندوستان نے 268 رنز پر سری لنکن ٹیم کی بساط لپیٹ کر 117 رنز سے کامیابی اپنے نام کر کے سیریز 2-1 سے جیت لی۔

یہ 1993 کے بعد ہندوستان کی سری لنکن سرزمین پر کسی سیریز میں پہلی فتح ہے جبکہ ہندوستانی کپتان ویرات کوہلی کی بھی بطور کپتان کسی سیریز میں پہلی کامیابی ہے۔

پہلی اننگ میں بیٹ کیری کر کے 142 رنز بنانے والے چتیشور پجارا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ سیریز میں 21 وکٹیں لینے پر روی چندرہ ایشون کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں