کور کمانڈر کراچی کی گورنر و وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقاتیں

01 ستمبر 2015
کور کمانڈر کراچی اور وزیراعلیٰ سندھ — پی پی آئی فائل فوٹو
کور کمانڈر کراچی اور وزیراعلیٰ سندھ — پی پی آئی فائل فوٹو

کراچی : کور کمانڈر کراچی لیفٹننٹ جنرل نوید مختار نے وزیراعلی سید قائم علی شاہ اور گورنرسندھ عشرت العباد سے ملاقاتیں کی ہیں جن میں کراچی میں جاری رینجرز کے آپریشن سمیت سندھ میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیراعلی ہاؤس کراچی میں ہونے والی ملاقات میں کورکمانڈرکراچی لیفٹیننٹ جنرل نویدمختار اور قائم علی شاہ نے کراچی آپریشن سمیت کئی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات میں کراچی میں جاری آپریشن میں ہونے والی اب تک کی پیش رفت کواطمینان بخش قرار دیا گیا۔

وزیراعلی سندھ نے ٹارگٹ کلرز،بھتا خوروں اور اغوا برائے تاوان میں ملوث جرائم پیشہ افرادکے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

بعد ازاں کور کمانڈر نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے بھی ملاقات کی جس میں سندھ اورکراچی میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

دوسری جانب وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے پیپلزپارٹی کےچیئرمین بلاول بھٹو زرداری سےبلاول ہاوس میں ملاقات کی۔

وزیراعلی سندھ نے بلاول بھٹو زرداری کو صوبے کی سیاسی صورتحال سے آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق کراچی آپریشن اور ڈاکٹر عاصم کی گرفتاری پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

بلاول بھٹو نے پارٹی رہنماوں کا اہم اجلاس بدھ کو شام نو ڈیرو ہاؤس لاڑکانہ میں طلب کرلیا ہے۔

اجلاس میں پارٹی رہنما،اراکین قومی وصوبائی اسمبلی اور سینٹ اراکین شرکت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال اور کراچی آپریشن سے متعلق تبادلہ خیال کیا جائے گا جبکہ اہم فیصلے بھی متوقع ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں