کراچی : کراچی کے مختلف علاقوں میں منگل کی رات ساڑھے دس بجے کے قریب ایک زوردار دھماکہ سنا گیا جس کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ نارتھ ناظم آباد میں متعدد گھروں کی کھڑکیاں بھی شاک کے نیتجے میں ٹوٹ گئیں۔

دھماکے کی آواز ناظم آباد، نارتھ کراچی، اورنگی ٹاﺅن، لیاری، بنارس اور منگھو پیر کی میاں والی کالونی تک سنی گئی جبکہ کچھ علاقوں کی فضاءبارود کی بو سے بھر گئی۔

ایسی بھی اطلاعات ہیں کہ کچھ ملحقہ علاقوں میں دھماکے کے باعث کھڑکیاں ٹوٹ گئیں تاہم اب تک دھماکے کے مقام کا تعین نہیں ہوسکا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس اور ریسکیو حکام مشتبہ دھماکے کے مقام کا تعین کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

ڈی جی آئی کراچی غربی فیروز شاہ نے ڈان سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے منگھو پیر کے علاقے خیرآباد میں سرچ کیا ہے مگر کسی دھماکے کے شواہد نہیں مل سکے۔

انکا کہنا تھا کہ اس علاقے سے پاک فضائیہ کے طیارے گزرتے رہتے ہیں اور ممکن ہے کہ کسی طیارے نے ساﺅنڈ بیرئیر کی حد عبور کرلی ہو جس سے کبھی کبھار دھماکے جیسی آواز اور شاک ویوز پیدا ہوتی ہیں، جو کہ متعدد ملحقہ علاقوں میں دھماکے جیسی آواز کی ایک ممکنہ وضاحت ہوسکتی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں