یوسف گیلانی کی 9 ویں مقدمے میں بھی ضمانت

02 ستمبر 2015
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی — فائل فوٹو
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی — فائل فوٹو

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی 9 ویں مقدمے میں بھی حفاظتی ضمانت منظور کرلی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق عدالت نے یوسف رضا گیلانی کو ایک لاکھ کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا ہے، جبکہ ان کی ضمانت 7 روز کے لیے منظور کی گئی ہے۔

ضمانت کی درخواست فاروق ایچ نائیک کے توسط سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی تھی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ وہ عدالتوں کا احترام کرتے ہیں اور اسی لیے یہاں پہنچے ہیں۔

انھوں نے الزام لگایا کہ ایک مخصوص سیاسی جماعت کی جانب سے پیپلز پارٹی کی کردار کشی کی جارہی ہے۔

یوسف گیلانی کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اہلکار گزشتہ دنوں ملتان میں واقع ان کے گھر آئے اور گھریلو ملازمین کو حراساں کیا۔

مزید پڑھیں: گیلانی کی 8 مقدمات میں حفاظتی ضمانت منظور

واضح رہے کہ عدالت نے گزشہ روز 8 مقدمات میں سید یوسف رضا گیلانی کی حفاظتی ضمانت منظور کی تھی۔

ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان (ٹڈاپ) کیس میں ایف آئی اے نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور وفاقی وزیر امین فہیم کے وارنٹ گرفتاری حاصل کیے تھے۔

وفاقی انسداد بدعنوانی عدالت نے پیپلز پارٹی کے دونوں رہنماؤں کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے۔

فیڈرل اینٹی کرپشن کورٹ میں فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے ٹڈاپ اسکینڈل میں 12 مقدمات کے چالان پیش کیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: سابق وزیراعظم گیلانی اور امین فہیم کی گرفتاری کے احکامات

وفاقی انسداد بدعنوانی عدالت کی جانب سے پہلے بھی پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے دونوں رہنماؤں کو پیش ہونے کا حکم دیا گیا تھا مگر یوسف رضا گیلانی اور مخدوم امین فہیم پیش نہیں ہوئے تھے۔

ڈان نیوز کے مطابق دونوں رہنماؤں کے پیش نہ ہونے کی وجہ سے عدالت نے گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔

کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے حکم دیا تھا کہ ملزمان کو 10 ستمبر کو پیش کیا جائے۔

سابق وزیراعظم کے خلاف دھوکہ دہی، فراڈ اور منی لانڈرنگ کے مقدمات درج ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں