'ہندوستانی فائرنگ کشمیریوں کے خلاف جارحیت'

02 ستمبر 2015
وزیراعظم نواز شریف — اے ایف پی فائل فوٹو
وزیراعظم نواز شریف — اے ایف پی فائل فوٹو

اسلام آباد : وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال ہندوستانی فائرنگ نہ صرف کشمیریوں کے خلاف جارحیت ہے بلکہ عالمی برادری کے ضمیر کو بھی ہدف بنانے کی کوشش ہے۔

آزاد کشمیر کے علاقے باغ میں نو تعمیر شدہ اسپورٹس اسٹیڈیم کا افتتاح کرتے ہوئے بدھ کو وزیراعظم نے کہا " پاکستان مسلسل اس اشتعال انگیزی، سیز فائر کی خلاف ورزیوں اور ہندوستانی فوجیوں کے ہاتھوں کشمیریوں کے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو عالمی برادری کے سامنے اجاگر کرنے کی کوشش کررہا ہے"۔

انہوں نے کہا " پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے حق میں اس وقت تک آواز اٹھاتا رہے گا جب تک انہیں حق خود ارادیت نہیں مل جاتا"۔

ان کا کہنا تھا " ایل او سی اور ورکنگ باﺅنڈری پر فائرنگ کے واقعات میں حالیہ دنوں میں اضافہ ہوا ہے، جس سے نہ صرف معصوم افراد بلکہ خطے کے امن و سلامتی کو بھی خطرات لاحق ہوگئے ہیں"۔

وزیراعظم کا کہنا تھا " پاکستان اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی توجہ ان خلاف ورزیوں اور خطے کے امن کو لاحق خطرات کی جانب مبذول کروا رہا ہے"۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں اہم کردار ادا کررہا ہے اور ہم نے اس کے خلاف ایک کامیاب آپریشن کیا ہے جس کا اعتراف پوری دنیا کرتی ہے۔

عالمی برادری کے نام ایک پیغام میں نواز شریف نے کہا کہ پاکستانی عوام اور مسلح افواج دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں " ہم ان کو بھی معاف نہیں کریں گے جو دہشت گردوں اور ان کی تنظیموں کی حمایت کررہے ہیں"۔

وزیراعظم نے کہا " دہشت گردی کا خاتمہ پاکستان کی جانب سے عالمی برادری کے لیے تحفہ ہوگا"۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں