لاڑکانہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زردار ی نے پارٹی کارکنوں کوسندھ میں آئندہ بلدیاتی الیکشن کی تیاریاں کرنے کا حکم دے دیا۔

بلاول نے بدھ کو یہاں نوڈیرو ہاؤس میں لاڑکانہ اور قمبر شہداد کوٹ سے تعلق رکھنے والے پی پی پی کے سیاست دانوں، عہدے داروں اور کارکنوں سے ملاقات کے دوران پارٹی کی بلدیاتی الیکشن میں شاندار کامیابی کی امید ظاہر کی۔

انہوں نے حال ہی میں قائم ہونے والے لاڑکانہ عوامی اتحاد کا حوالہ دیتے ہوئے اس کے ناکام ہونے کی پیشن گوئی کی۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی کے سرگرم کارکنوں کو بلدیاتی الیکشن کے ٹکٹ دیے جائیں گے۔

اس موقع پر انہوں نے کارکنوں سے بڑے پیمانے پر رابطہ مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔

سندھ کے وزیر اطلاعات اور تعلیم نثار کھوڑو نے صحافیوں کو اجلاس کے متعلق بتایا کہ قیادت نے بے نظیر بھٹو کا طریقہ اپناتے ہوئے کارکنوں سے مسلسل مشاورت کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ کارکن ہی مشکل وقت میں ان کی رہنمائی کرتے آئے ہیں۔

رینجرز کے بارے میں نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ کئی سالوں سے سندھ میں موجود فورس کراچی میں دہشت گردی، بھتہ خوری اور زمینوں پر قبضے کے خلاف سرگرم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیرا ملٹری فورس تمام سیاسی پارٹیوں کی رضامندی سے کراچی میں موجود ہے۔ تاہم، تمام لوگوں کو ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردوں سے جوڑنا مناسب نہیں۔

انہوں نے کہاکہ سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر عاصم حسین کو سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد نے گرفتار کیا ، جسے غیر قانونی قدم قرار دیا جا سکتا ہے۔ ’اگر ڈاکڑ عاصم کو گرفتار کیا جا سکتا ہے تو پنجاب کے وزیر قانون رانا ثنا اللہ کو کیوں نہیں’؟

انہوں نے ایف آئی اے اور نیب کی کارروائیوں کو صوبائی خود مختاری کی خلاف ورزی قرار دیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں