کوٹاک: ہندوستان کی مشرقی ریاست اڑیسہ کے شہر کوٹاک کے ایک ہسپتال میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران 61 نومولود ہلاک ہو چکے ہیں۔

خبر رساں رائٹرز کے مطابق ریاست کے وزیر صحت ایٹانو ایس نائیک کا کہنا ہے کہ شیشو بھون یا چلڈرن ہوم کے 3 اسٹاف ممبران سے واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں جبکہ ہسپتال کے 5 ملازمین کو برطرف کیا جاچکا ہے۔

حزب اختلاف کی جماعتوں کے ساتھ ہندوستان کے وزیراعظم نریندرا مودی کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے بھی اڑیسہ کے مختلف ہسپتالوں کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔

بی جے پی کے ایک مظاہرے میں شامل سمیر موہنتے کا کہنا تھا کہ ’بچے مر چکے ہیں تاہم وزیراعلیٰ نے تاحال ہسپتال کا دورہ نہیں کیا۔‘

بچوں کی موت کی تفصیلات فراہم کیے بغیر ریاست کے وزیر صحت کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق ہلاکتیں ہسپتال اسٹاف کی غفلت کے باعث ہوئی ہیں۔

دوسری جانب ہسپتال کے ڈاکٹروں نے بچوں کی ہلاکت کی وجہ سہولیات کی کمی کو قرار دیا ہے۔

ہسپتال کے ایک سینیئر عہدیدار نیرانجان موہانٹے کا کہنا تھا کہ روزانہ 50 بچوں کو انتہائی تشویش ناک حالت میں ہسپتال میں داخل کرنا اور 500 مریضوں کو دیکھنا ایک اضافی بوجھ ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں