کراچی: آئندہ سال فروری میں ہونے والی پاکستان کی پہلی ٹی ٹوئنٹی پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے افتتاحی ایڈیشن میں ویسٹ انڈین کیرون پولارڈ اور سری لنکن تلکارتنے دلشان سمیت متعدد اسٹارز شرکت کریں گے۔

فروری 2016 میں ہونے والی لیگ میں پولارڈ سمیت پانچ ویسٹ انڈین کھلاڑیوں کے ساتھ سری لنکا، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے کھلاڑیوں نے بھی دلچسپی ظاہر کی ہے۔

قومی ٹیم کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ پاکستان سپر لیگ(یپ ایس ایل) کا انعقاد آئندہ سال چارسے 24 فروری تک قطر میں ہو گا جس میں کم و بیش 25 غیر ملکی کھلاڑی شرکت کریں گے۔

اس لیگ کے انعقاد کا مقصد پاکستانی کھلاڑیوں کو صف اول کے غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ کھلانا اور انہیں ایک مسابقتی فضا فراہم کرنا ہے جس سے قومی کھلاڑی 2009 سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے کی وجہ سے محروم ہیں۔

پاکستان نے 2013 میں پہلی مرتبہ باقاعدہ ٹی ٹوئنٹی لیگ کرانے کا فیصلہ کیا تھا لیکن ملک کے حالات، مالی معاملات اور اسپانسرز کی عدم دلچسپی کی وجہ سے اسے دو مرتبہ ملتوی کرنا پڑا۔

تاہم مالی مسائل سے دوچار بورڈ نے اسے آئندہ سال قطر میں منعقد کرانے کا حتمی فیصلہ کیا۔

کرکٹ بورڈ کے قریبی ذرائع کے مطابق اب تک پانچ ویسٹ انڈین، تین سری لنکن، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دو دو جبکہ ایک آسٹریلین کھلاڑی نے لیگ میں شرکت پر رضامندی کی ہے۔

نجم سیٹھی نے پی ایس ایل کے منصوبوں کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا تھا کہ وہ 40 غیر ملکی کھلاڑیوں سے رابطے میں ہیں اور ان میں 25 کو لیگ کیلئے سائن کیے جانے کی توقع ہے. ان میں 15 دنیا کے ورلڈ کلاس کھلاڑی ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ابتدا میں متحدہ عرب امارات میں اپنی لیگ کے انعقاد کا فیصلہ کیا تھا جو ایک عرصے سے پاکستان کا ہوم گراؤنڈ بنا ہوا ہے لیکن جنوری فروری میں وہاں ایک نجی لیھ کے انعقاد کے سبب پاکستان کو اپنی لیگ قطر منتقل کرنا پڑی۔

لیگ میں ممکنہ طور شرکت کرنے والے نامور کھلاڑی یہ ہوں گے۔

ویسٹ انڈیز

کیرون پولارڈ، سنیل نارائن، ڈیوین براوو، ڈیوین اسمتھ اور سیمیول بدری

سری لنکا

تلکارتنے دلشان، اجنتھا مینڈس اور تھسارا پریرا

نیوزی لینڈ

جیمز فرینکلن اور گرانٹ ایلیٹ

جنوبی افریقہ

رچرڈ لیوی اور روبن پیٹرسن

انگلینڈ

مائیکل کاربیری اور ٹم بریسنن

آسٹریلیا

بریڈ ہوج

تبصرے (0) بند ہیں