ریحام کےخلاف مہم :'جمائما کا ہاتھ نہیں'

03 ستمبر 2015
عمران خان اور جمائما کے درمیان 2004 میں طلاق ہوئی تھی تاہم جمائما اب بھی اپنے سابقہ شوہر کے حق میں ٹوئیٹس کرتی رہتی ہیں—۔
عمران خان اور جمائما کے درمیان 2004 میں طلاق ہوئی تھی تاہم جمائما اب بھی اپنے سابقہ شوہر کے حق میں ٹوئیٹس کرتی رہتی ہیں—۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کے حوالے سے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ آج کل ہرمحاذ پر وہ لڑ رہے ہیں اور عمران خان کی ذاتی زندگی بھی اس سے مبرا نہیں ہے.

عمران خان نے ٹوئٹر کا سہارا لیا اور ان تمام افواہوں کی تردید کردی جن میں کہا جارہا تھا کہ ان کی سابقہ اہلیہ جمائما، موجودہ اہلیہ ریحام خان کے خلاف مہم چلارہی ہیں.

واضح رہے کہ برطانوی اخبار ڈیلی میل نے نامعلوم ذرائع سے خبر چلائی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ حال ہی میں ریحام خان کی مشکوک تعلیمی ڈگری جیسی منفی خبریں چلوانے کے پیچھے جمائما کا ہاتھ تھا.

مذکورہ خبر میں مبینہ طور پر ایک کزن کے حوالے سے لکھا گیا تھا، "ہمیں معلوم ہے کہ یہ جمائما کررہی ہے، وہ حسد کی بناء پر عمران خان کی شادی کو کامیاب نہیں ہونے دینا چاہتی".

مذکورہ کزن کا مزید کہنا تھا کہ، "جمائما کو چونکہ اپنا پارٹنر نہیں ملا، اس لیے وہ نہیں چاہتی کہ عمران خان کی شادی کامیاب ہو".

اگرچہ عمران خان اور جمائما کے درمیان 2004 میں طلاق ہوچکی ہے تاہم جمائما اب بھی اپنے سابقہ شوہر کے حق میں ٹوئیٹس کرتی رہتی ہیں، جبکہ رواں برس جنوری میں ریحام خان سے ان کی شادی کے وقت بھی جمائما نے مبینہ طور پر عمران خان کی حمایت کی تھی.

دوسری جانب ریحام خان کے سابقہ شوہر اعجاز خان نے ڈیلی میل سے ہی بات کرتے ہوئے ریحام پر الزام لگایا تھا کہ انھوں نے خود پر گھریلو تشدد کے حوالے سے غلط بیانی کی.

اعجاز خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ریحام نے اپنا امیج بنانے کے لیے انھیں ٹوائلٹ پیپر کی طرح استعمال کیا.

واضح رہے کہ چند روز قبل ہی عمران خان نے ریحام خان کے تحریک انصاف کے کسی بھی فنکشن میں شرکت پر بھی پابندی عائد کردی تھی.

مزید پڑھیں:'ریحام اب پی ٹی آئی تقریبات میں شریک نہیں ہوں گی'

عمران خان کا کہنا تھا کہ این اے 19 کے ضمنی الیکشن میں شکست کے بعد ریحام خان پر تنقید سے وہ سخت نالاں ہیں، حالاں کہ ریحام نے صرف پارٹی کارکنوں خصوصاً خواتین کے مسلسل اصرار پر جلسوں میں شرکت کی

واضح رہے کہ ہری پور میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 19 کے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی امیدوار عامر زمان کی انتخابی مہم کے دوران ریحام خان ہری پور گئیں جہاں انھوں نے ایک جلسے سے خطاب بھی کیا، اس بات پر پی ٹی آئی چیئرمین کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا جنھوں نے خاندانی/ موروثی سیاست کے خاتمے کا نعرہ لگا رکھا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں