3دن میں آرمی چیف کی وزیراعظم سے دوسری ملاقات

04 ستمبر 2015
وزیراعظم اور آرمی چیف کی ملاقات کا ایک منظر—۔فوٹو/ بشکریہ وزیراعظم ہاؤس
وزیراعظم اور آرمی چیف کی ملاقات کا ایک منظر—۔فوٹو/ بشکریہ وزیراعظم ہاؤس

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے رواں ہفتے دوسری مرتبہ ملاقات کی ہے جس میں ملکی سلامتی اور یوم دفاع کے حوالے سے معاملات زیرِ غور آئے.

وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں آپریشن ضرب عضب اور کراچی آپریشن میں ہونے والی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیرعظم اور آرمی چیف کے مابین ملاقات میں پاک چین اقتصادی راہداری منصوبوں کی سیکیورٹی سے متعلق امور پر بھی بات چیت کی گئی.

خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں ملک میں کرپشن کے خلاف متعدد اقدامات کیے گئے ہیں، جن میں کراچی میں مختلف اعلی شخصیات کی گرفتاریاں بھی شامل ہیں۔

مزید پڑھیں:کراچی آپریشن:آرمی چیف کی وزیر اعظم سے ملاقات

کراچی میں پیپلز پارٹی کے سابق وزیر اور سندھ کے چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر عاصم حسین کو بھی گرفتار کیا گیا۔

اس سے قبل پنجاب میں پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی اسمبلی کے سابق اپوزیشن لیڈر قاسم ضیاء کو گرفتار کیا گیا تھا۔

کراچی سمیت سندھ میں ہونے والی کارروائیوں پر پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری نے بیان دیا تھا کہ سندھ میں سیاستدانوں اور بیوروکریٹس کو ایف آئی اے اور نیب کی جانب سے ہراساں کیا جارہا ہے، یہ سارے اقدامات سیاسی انتقام کی طرف اشارہ کررہے ہیں۔

دوسری جانب قبائلی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب اور آپریشن خیبر کے بعد آئی ڈی پیز کی واپسی جاری ہے جبکہ بعض علاقوں میں ابھی بھی شدت پسندوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں