کراچی میں رینجرز کی کارروائی، 2 ٹارگٹ کلرز گرفتار

04 ستمبر 2015
رینجرز اہلکار — رائٹرز فائل فوٹو
رینجرز اہلکار — رائٹرز فائل فوٹو

کراچی : رینجرز نے کراچی میں جاری آپریشن کے دوران ایک سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے 2 مبینہ ٹارگٹ کلرز گرفتار کرلیے۔

رینجرز ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق رینجرز نے گزشتہ شب گلشن معمار کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے دو بدنام زمانہ ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرلیا جو ایک سیاسی جماعت سے تعلق رکھتے ہیں۔

بیان کے مطابق یہ دونوں افراد جن کے نام مرزا ذیشان بیگ عرف شانی اور تنویر احمد عرف بابوا بہاری ہیں، کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

بیان میں بتایا گیا ہے کہ ذیشان بیگ رینجرز کے اہلکاروں سمیت ٹارگٹ کلنگ کے 12 واقعات میں ملوث تھا۔

اسی طرح تنویر احمد بھتہ خوری، ہڑتالوں کے دوران جلاﺅ گھیراﺅ سمیت ٹارگٹ کلنگ کے تین واقعات مین ملوث ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ رینجرز نے ملزمان کو انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا جس نے انہیں 90 روز کے لیے رینجرز کے حوالے کردیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں