پاکستانی سنیما میں کامیابیوں کے جھنڈے گاڑنے والی لولی وڈ فلم 'نامعلوم افراد' کو متحدہ عرب امارات کے سینماﺅں میں ریلیز کردیا گیا۔

نامعلوم افراد لگ بھگ ایک سال قبل پاکستان میں ریلیز ہوئی تھی اور ایک ماہ پہلے اسے ڈی وی ڈی پر بھی ریلیز کردیا گیا۔

مگر پروڈیوسر فضاءعلی میرزا پراعتماد ہیں کہ ان کی فلم یو اے ای باکس آفس پر بھی دھوم مچانے میں کامیاب رہے گی کیونکہ اسے " سینما کے تجربے کے لیے تیار کیا گیا"۔

ان کا کہنا تھا کہ 2014 میں ہماری انڈسٹری بین الاقوامی ریلیز کے لیے تیار نہیں تھی " بیشتر افراد نے اس کے آن لائن پائریٹیڈ پرنٹس یا ڈی وی ڈی نہیں دیکھی ہوگی جبکہ لوگوں کی تعریفیں فلم بینوں کو سینماﺅں میں لانے میں مددگار ثابت ہوگی"۔

ڈائریکٹر نبیل قریشی کو توقع ہے کہ " یہ فلم دیکھنے والوں کے ذہنوں یں ہمیں یاد رکھنے والا عنصر ثابت ہوگی اور ہم اپنی اگلی فلم ملک کے ساتھ ساتھ بیک وقت بین الاقوامی سطح پر بھی ریلیز کرنے کے لیے پرعزم ہیں"۔

تاہم فضاءعلی مرزا نے انکشاف کیا کہ نامعلوم افراد کو ہندوستان میں ریلیز نہیں کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان ایک بڑی مارکیٹ ہے مگر وہاں پاکستانی فلموں کو ریلیز کرنا بہت مشکل ہے جس کی وجہ دونوں ممالک کے درمیان مسائل ہیں، مگر توقع ہے کہ دیگر ممالک میں مقیم پاکستانی اور ہندوستانی شہری اس فلم کو دیکھ کر لطف اندوز ہوں گے، اس وقت ہم نے اس فلم کو ہندوستان میں ریلیز کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں بنایا۔

فلم کے سیکوئل پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس وقت فلم کے خاکے پر کام ہورہا ہے اور کچھ عرصے بعد مزید تفصیلات کو سامنے لایا جائے گا جن میں لوکیشن اور پلاٹ کی تفصیلات بھی شامل ہوں گی " مگر اس وقت ہم اس فلم پر کام نہیں کررہے، ہوسکتا ہے کہ مزید دو فلموں پر کام کرنے کے بعد ہم نامعلوم افراد کے سیکوئل پر آئیں"۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں