وسیم اور رمیز پی ایس ایل کے سفیر نامزد

04 ستمبر 2015
سابق پاکستانی فاسٹ بائولر وسیم اکرم — اے ایف پی فوٹو
سابق پاکستانی فاسٹ بائولر وسیم اکرم — اے ایف پی فوٹو

سابق پاکستانی کپتانوں وسیم اکرم اور رمیز راجا کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا سفیر نامزد کردیا گیا جس کا مقصد پی سی بی کی جانب سے اس ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کو کامیاب بنانا ہے۔

سابق فاست باﺅلر وسیم اکرم نے حال ہی میں ایک باﺅلنگ کیمپ کو سپروائز کیا تھا جبکہ رمیز راجا مقبول انڈین پریمیئر لیگ کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ رکھتے ہیں اور یہ دونوں فروری 2016 میں پی ایس ایل کو کامیاب بنانے کے لیے اقدامات کریں گے۔

وسیم اکرم آئی پی ایل ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے باﺅلنگ کوچ رہ چکے ہیں جبکہ رمیز راجا انڈین ٹورنامنٹ کے پہلے ایڈیشن سے ایک ٹیلیویژن ماہر کے طور پر کام کررہے ہیں۔

جمعہ کو پی سی بی کے اجلاس میں شریک ایک عہدیدار کے مطابق سری لنکن کپتان انجیلو میتھیوز اور اسٹار باﺅلر لیستھ ملینگا نے بھی پی ایس ایل میں شرکت کے حوالے سے دلچسپی ظاہر کی ہے جب کہ مہیلا جے وردھنے اور کمار سنگاکارا سے بھی بات چیت جاری ہے.

عہدیدار کا کہنا تھا کہ پی سی بی کو توقع ہے کہ وہ ویسٹ انڈین سپراسٹار کرس گیل اور انگلینڈ کے کیون پیٹرسن کو بھی ایونٹ کا حصہ بنانے میں کامیاب رہے گا۔

ویسٹ انڈیز کے کیرون پولارڈ، سری لنکا کے تلکا رتنے دلشان اور نیوزی لینڈ کے گرانٹ ایلیٹ اب تک فروری 2016 میں قطر کے شہر دوہا میں شیڈول پی ایس ایل کے افتتاحی ایڈیشن کے ممکنہ بڑے ناموں کی حیثیت سے ابھر کر سامنے آئے ہیں۔

پولارڈ ویسٹ انڈیز کے ان پانچ کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں جنھوں نے پی ایس ایل میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

تلکار رتنے دلشان سمیت تین سری لنکن کھلاڑی بھی پاکستانی ایونٹ کا حصہ بننے کے لیے تیار ہیں۔

دو بار ملتوی ہونے والا پی ایس ایل ایونٹ آخرکار اگلے سال فروری میں منعقد کرایا ہے جس میں 25 غیر ملکی کھلاڑیوں کو شامل کیا جائے گا، جس کا اعلان سابق چیئرمین پی سی بی اور ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے گزشتہ ماہ کیا تھا۔

پی سی بی نے 2013 میں ایک ٹی 20 لیگ منعقد کرانے کی منصوبہ بندی کی تھی مگر اسے 2014 اور 2015 میں اسپانسرز کی کمی اور لاجسٹک مسائل کے باعث دو بار ملتوی کرنا پڑا۔

پی ایس ایل میں دلچسپی ظاہر کرنے والے بڑے کھلاڑیوں کے نام

ویسٹ انڈیز

کیرون پولارڈ

سنیل نارائن

ڈیوائن براوو

ڈیوائن اسمتھ

سمیوئل بدری

سری لنکا

تشارا پریرا

تلکارتنے دلشان

اجنتھا مینڈس

نیوزی لینڈ

گرانٹ ایلیٹ

جیمز فرینکلن

جنوبی افریقا

رچرڈ لیوی

روبن پیٹرسن

آسٹریلیا

بریڈ ہوج

انگلینڈ

ٹم بریسنن

مائیکل کاربیری

تبصرے (0) بند ہیں