سیزفائرخلاف ورزی: پاکستان کا سیکیورٹی کونسل کو خط

05 ستمبر 2015
سلامتی کونسل کے صدر کو  اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب نے خط  لکھا ہے۔۔۔ فائل فوٹو
سلامتی کونسل کے صدر کو اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب نے خط لکھا ہے۔۔۔ فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان کا کہنا ہے کہ اگست کے دوران ہندوستان کی جانب سے سیزفائر معاہدے کی خلاف ورزیوں میں اضافہ ہوگیا، ایک ماہ کے دوران 20 شہری ہلاک اور 100 زخمی ہوئے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی نے سلامتی کونسل کے صدر روس کے سفیر ویٹالی چرکین کو خط لکھ کر ہندوستانی اشتعال انگیزیوں کے بارے میں بتایا۔

پاکستان نے ہندوستان کے ساتھ 2003 کے سیز فائر کے معاہدے پر عملدر آمد پر زور دیا ہے۔

پاکستانی سفیر کا کہنا ہے کہ عالمی ادارے کو جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں خاص طور پر ان کارروائیوں کا نوٹس لینا چاہیے جن میں عام شہری ہلاک ہوئے۔

انہوں نے سلامتی کونسل پر زور دیا کہ ہندوستان کی اشتعال انگیزی ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے جبکہ اقوام متحدہ کے ارکان بھی اس جارحیت کا نوٹس لیں۔

پاکستانی سفارت کار نے ہندوستان کی جانب سے کیس فائر کی خلاف ورزی کی اور گزشتہ کئی مہینوں سے اس صورتحال کے حوالے سے آگاہ کیا کہ اس دوران چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں سے مقامی آبادی کو نشانہ بنایا گیا۔

ملیحہ لودھی نے اس خط کو ایک سیکیورٹی کونسل کی سرکاری دستاویز کے طور پر دیگر ارکان کو ارسال کرنے کی بھی درخواست کی۔

ڈان نیوز کے مطابق خط میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اگست کے دوران 20شہری شہید اور 100 زخمی ہوئے، عالمی ادارہ شہریوں کو نشانہ بنانے کا خصوصی نوٹس لے۔

خیال رہے کہ پاکستان نے گزشتہ 20 روز کے دوران 3 بار ہندوستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے سیز فائر کی خلاف ورزی پر احتجاج کیا.

17 اگست کو ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر کو بی ایس ایف کی ایل او سی پر کوٹلی کے مقام پر بلا اشتعال شیلنگ سے ایک خاتون سمیت 3 شہریوں کی ہلاکت اور 15 کے زخمی ہونے پر طلب کیا گیا تھا، بعد ازاں 19اگست جندکروٹ، نکھیال اور کریلا سیکٹرز میں بھی بلااشتعال فائرنگ سے ایک شہری کی ہلاکت جبکہ چار دیگر کے زخمی ہونے پر ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کیا گیا.

یہ بھی پڑھیں : ہندوستانی فائرنگ سے 8 شہری ہلاک: آئی ایس پی آر

29 اگست کو بھی ہندوستان کی شیلنگ سے 8 پاکستانی شہری ہلاک ہوئے تھے جس پر ہندوستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے شدید احتجاج کیا گیا۔

پاکستان کی جانب سے ہندوستان کو آگاہ کیا جا چکا ہے کہ ان کی فورسز نے 2 ماہ میں 70 بار سیز فائر کی خلاف ورزی کی ہے.

دوسری جانب دی ہندو کی ایک رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی بارڈر سیکیورٹی فورس کے حکام کا دعویٰ ہے کہ مئی 2014 سے مئی 2015 کے دوران پاکستان کی جانب سے 46 بار سیز فائر کی خلاف ورزی کی گئی جبکہ گزشتہ 3 ماہ میں 49 بار خلاف ورزی سامنے آئی ہے.

ملیحہ لودھی کا بیان : 'ملکی سالمیت پر حملے کا بھرپور جواب دیں گے'

یاد رہے کہ ملیحہ لودھی نے دو ماہ قبل سیکیورٹی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں بھی کہا تھا کہ ملک کے بعض حصوں کو غیرمستحکم کرنے کی کوئی بھی کوشش یا اس کی علاقائی سالمیت پر حملے کا بھرپور قوت کے ساتھ جواب دیا جائے گا

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں