پاکستان میں عید الاضحیٰ، سنت ابراہیمی پر عمل جاری

25 ستمبر 2015
لاہور کی بادشاہی مسجد میں نماز عید کے بعد خواتین سیلفی لے رہی ہیں— رائٹرز فوٹو
لاہور کی بادشاہی مسجد میں نماز عید کے بعد خواتین سیلفی لے رہی ہیں— رائٹرز فوٹو

کراچی : پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں عید الاضحیٰ مذہبی جوش جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے جب کہ فرزندان اسلام سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے قربانی بھی کر رہے ہیں۔

دن کا آغاز نماز عید سے ہوا جس کے لیے ملک میں ہزاروں چھوٹے بڑے اجتماع منعقد کیے گئے جن میں ملک کی ترقی اور امت مسلمہ میں اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

ملک میں نماز عید کے سب سے بڑے اجتماعات دارلحکومت اسلام آباد کی فیصل مسجد اور لاہور کی بادشاہی مسجد میں منعقد ہوئے جب کہ کراچی کے پولو گراؤنڈ میں بھی نماز عید کا ایک بڑا اجتماع منعقد ہوا جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

عید کے موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی انتہائی سخت ہے جب کہ صوبائی حکومت کی جانب سے قربانی کے بعد آلائشوں کو تلف کرنے اور صفائی کے بھی انتظامات کیے گیے ہیں۔

صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف نے اپنے پیغامات میں قوم کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے اس موقع پر غریبوں کو بھی یاد رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔

صدر ممنون حسین نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قوم اس موقع پر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے فوجیوں کی قربانیوں کو بھی یاد رکھیں۔

پاکستان کے علاوہ ہندوستان اور بنگلہ دیش میں بھی آج عید الاضحیٰ منائی جا رہی ہے جب کہ سعودی عرب سمیت خلیجی ریاستوں، امریکا اور برطانیہ میں گزشتہ روز عید منائی گئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں