بوم بوم آفریدی نے گزشتہ دو اووروں کے دوران صرف پانچ رنز ہی بنائے تھے اور واضح طور پر وہ اب خود کو روک نہیں سکتے تھے۔

وہ پہلے ہی برق رفتار 60 رنز بناچکے تھے جن میں چار چوکے اور تین چھکے شامل تھے جبکہ پاکستان کی انڈیا کے خلاف اس میچ میں گرفت مضبوط ہوچکی تھی جو 2006 میں لاہور میں کھیلا گیا تھا۔

پاکستان کا اس موقع پر اسکور چار کھلاڑیوں کے نقصان پر 564 تھا اور میچ پر گرین شرٹس پوری طرح حاوی۔

اننگ کے بعد آفریدی ہربھجن سے گفتگو کرتے ہوئے۔ اے ایف پی
اننگ کے بعد آفریدی ہربھجن سے گفتگو کرتے ہوئے۔ اے ایف پی

136ویں اوور کے آغاز سے قبل آفریدی نے اپنے بیٹنگ پارٹنر کامران اکمل کو کہا کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں ایک اوور میں چھ چھکے لگانے کی کوشش کریں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں آج تک کوئی بلے باز ایسا نہیں کرسکا ہے۔

اکمل نے آفریدی کو بس 'گڈ لک' کہا۔

باؤلر ہربھجن سنگھ کو علم نہیں تھا کہ دونوں بلے بازوں کے درمیان کی گفتگو ہوئی۔

آفریدی عالمی ریکارڈ تو نہ بناسکے تاہم اوور میں چار چھکے لگاکر انہوں نے ہندوستانی باؤلر کی جم کر پٹائی کی۔

اوور میں مجموعی طور پر 27 رنز بنے۔ بعدازاں آفریدی 80 گیندوں پر 103 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

میچ کے بعد آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ صرف اپنی 'نیچرل گیم' کھیل رہے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں