شعیب کی محنت رائیگاں، دوسرے ون ڈے میں زمبابوے کامیاب

اپ ڈیٹ 03 اکتوبر 2015
۔ — اے ایف پی فائل فوٹو
۔ — اے ایف پی فائل فوٹو

ہرارے: سینئر آل راؤنڈر شعیب ملک کی شاندار بلے بازی کے باوجود زمبابوے نے پاکستان کو ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت دوسرے ون ڈے میچ میں پانچ رن سے ہرا دیا۔

ہفتہ کو یہاں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کے 6-276 کے جواب میں 8 وکٹوں پر 256 رنز بنائے تھے کہ امپائرز نے بارش کے بعد خراب روشنی کو بنیاد بنا کر کھیل روک دیا۔

بعد ازاں زمبابوے کو ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت پانچ رنز سے فتح مل گئی۔

ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو زمبابوے نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 276 رنز بنائے۔

میزبان ٹیم کی جانب سے چمو شیبھابھا نے 90 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ایلٹن چیگمبورا (67)، برائن چری (39) اور سکندر رضا (32 ) رنز بنا کر دوسرے قابل ذکر بلے باز رہے۔

پاکستانی فاسٹ بولر وہاب ریاض نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد عرفان اور عامر یامین نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اس کا ٹاپ آرڈر ایک مرتبہ پھر ناکام رہا ۔

محض 76 رنز پر چھ بلے بازوں کے پویلین لوٹ جانے کے بعد شعیب ملک (*96) اور عامر یامین (62)نے ذمہ داری سے بیٹنگ شروع کی اور ساتویں وکٹ کیلئے انتہائی اہم 111 رنز جوڑے۔

بارش کی وجہ سے میچ میں کچھ تاخیر ہوئی۔ میچ دوبارہ شروع ہونے پر شعیب نے جارحانہ انداز اپنایا اور پاکستان کو ہدف کے انتہائی قریب پہنچا دیا۔

آخری دو اوورز میں پاکستان کو 21 رنز درکار تھے جب ایمپائرز نے گہرے بادلوں کو وجہ بناتے ہوئے کھیل روک دیا۔ اس موقع پر شعیب ملک اور پاکستانی ٹیم انتہائی مایوس نظر آئی۔

بعد ازاں روشنی مزید خراب ہونے پر زمبابوے کو پانچ رنز سے جیت دے دی گئی۔

خیال رہے کہ پاکستان نے یاسر شاہ اور محمد رضوان کی شاندار کارکردگی کی بدولت زمبابوے کو پہلے ایک روزہ میچ میں 131 رنز سے باآسانی شکست دی تھی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں1-1 سے برابر ہو چکی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں