امن منصوبہ:نوازشریف ہندوستان سے پُرامید

04 اکتوبر 2015
وزیراعظم نواز شریف — فائل فوٹو
وزیراعظم نواز شریف — فائل فوٹو

لندن: وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ جلد یا بہ دیر ہندوستان کو ان کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پیش کئے گئے 4 نکاتی امن منصوبے پر غور کرنا ہوگا۔

خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق پاکستان کے لئے واپسی سے قبل ایئر پورٹ پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ انھوں نے تمام متعلقہ مسائل کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اٹھایا ہے اور دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لئے ٹھوس تجویز بھی پیش کیں ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف کی جانے والی سرحد پار پراکسی وار کو اب ختم ہونا چاہیے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس ہندوستان کی خفیہ ایجنسی را کی مداخلت کے ٹھوس ثبوت موجود ہیں جو کہ اقوام متحدہ کو فراہم کردیئے گئے ہیں۔

انھوں نے اس بات پر اُمید کا اظہار کیا کہ پاکستان کی جانب سے اقوام متحدہ کو فراہم کیا جانے والا ڈوزر قابل ذکر طور پر اثر انداز ہوگا۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عالمی برادری نے کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کو سنا ہے جبکہ صرف الزامات لگانے سے امن کی جانب پیش رفت نہیں ہوسکتی۔

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ خطے میں موجود کشیدگی ترقیاتی کاموں پر اثر انداز ہورہی ہے اور تمام موجودہ مسائل کا واحد حل صرف مذاکرات ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور ہندوستان کو مسائل کے فوری حل کے لئے متوازن نقطہ نظر اختیار کرنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے عمل کا جلد شروع ہونا ہی دونوں ممالک کے لئے بہتری کا باعث ہوگا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں