پہلا ون ڈے: پاکستانی ویمن ٹیم کی لگاتار تیسری فتح

اپ ڈیٹ 04 اکتوبر 2015
بسمہ معروف نے آٹھ چوکوں کی مدد سے 92 رنز کی باری کھیلی۔ فوٹو اے ایف پی
بسمہ معروف نے آٹھ چوکوں کی مدد سے 92 رنز کی باری کھیلی۔ فوٹو اے ایف پی

کراچی: پاکستان نے بسمہ معروف کی ایک اور شاندار اننگ کی بدولت بنگلہ دیش کی ویمن کرکٹ ٹیم کو پہلے ایک روزہ میچ میں 20 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی.

کراچی کے ساؤتھ اینڈ کلب کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستانی کپتان ثنا میر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

میچ کےآغاز سے قبل دونوں ٹیموں کا قومی ترانہ پڑھاگیا، پاکستان اور بنگلہ دیش کی خواتین کرکٹ ٹیموں کےدرمیان ون ڈے میچ دیکھنے کے لئے شائقین کی بڑی تعداد اسٹیڈیم پہنچی.

پاکستانی ٹیم ابتداء سے ہی مشکلات کا شکار رہی، پاکستانی کھلاڑیوں کی محتاط بیٹنگ کے باوجود 111 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی، جن میں جویریہ خان 21، سدرہ امین 12، نین عابدی 27، ثناء میر صفر اور عالیہ ریاض 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔

بسمہ معروف نے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد ون ڈے میں بھی شاندار کارکردگی کاتسلسل برقرار رکھتے ہوئے نصف سنچری اسکور کرکے ٹیم کے اسکور کو سہارا دیا، وہ 128 گیندوں پر 92رنز کی شاندار اننگ کھیل کر آؤٹ ہوئیں.

ندار ڈار نے 21 اور اسماویہ اقبال نے 13 رنز بنائے.

پاکستان ویمن ٹیم آخری اوور میں ایک گیند قبل ہی 214 رنز بنا کرآؤٹ ہوئی.

بنگلہ دیشی کپتان سلمٰی خاتون نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی ٹیم شروع سے ہی مشکلات سے دوچار اور وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتی رہی.

70 رنز بنانے والی رومانہ احمد کے سوا کوئی بھی بنگلہ دیشی کھلاڑی پاکستانی باؤلرز کا سامنا نہ کر سکا اور پوری ٹیم 50 اوورز میں 194 رنز تک محدود رہی.

بسمہ معروف کو شاندار بیٹنگ پر ایک بار پھر میچ کا بہترین کھلاڑی چنا گیا.

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز پاکستان نے 0-2 سے اپنے نام کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں