ہندوستان کا ' پاکستان'

04 اکتوبر 2015
ہندوستانی گاؤں پاکستان — فوٹو بشکریہ فرسٹ لک
ہندوستانی گاؤں پاکستان — فوٹو بشکریہ فرسٹ لک

ویسے تو دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اکثر کشیدہ ہی رہتے ہیں اور عوامی سطح پر بھی ایک دوسرے کے بارے میں اکثریتی رائے کچھ زیادہ اچھی نہیں مگر دلچسپ ترین بات یہ ہے کہ ہندوستان میں ایک گاﺅں کا نام ہی پاکستان ہے۔

جی ہاں ریاست بہار اگر جانا ہو تو آپ وہاں پاکستان جانے کا ' شرف' بھی حاصل کرسکتے ہیں۔

درحقیقت یہ کسی کی حس مزاح کا شاہکار نظر آتا ہے جس نے ضلع پورنیہ کے ایک گاﺅں کو پاکستان کا نام دے دیا یا ہوسکتا ہے کہ کسی شخص کی خواہش ہو کہ عوامی ذہنوں میں تقسیم برصغیر کی یاد ہمیشہ زندہ رہے۔

پاکستان تین سو افراد کی آبادی پر مشتمل گاﺅں ہے جہاں ایک مسجد بھی نہیں بلکہ وہاں کوئی مسلمان ہی آباد نہیں، درحقیقت وہاں کے رہنے والے ایک قبائلی گروپ سانتھل سے تعلق رکھتے ہیں۔

تقسیم ہند کے وقت یہ بنگال کے ضلع اسلام پور کا حصہ تھا جسے پاکستان کا نام ان مسلم رہائشیوں کی یاد میں دیا گیا جو یہاں سے ہجرت کرکے مشرقی پاکستان (اب بنگلہ دیش) چلے گئے، روانگی سے قبل ان مسلمانوں نے اپنی جائیدادیں پڑوسی علاقوں کے ہندوﺅں کے حوالے کردی تھیں۔

اب چھ دہائیوں بعد بھی اس گاﺅں کی زندگی میں کوئی نمایاں تبدیلی دیکھنے میں نہیں آئی ہے اور یہاں کے رہائشی بدستور غریب جبکہ شرح تعلیم 31.51 فیصد ہے۔

سڑکیں نہ ہونے کے برابر ہیں اور یہی حال بجلی، صاف پانی، ایک طبی مرکز اور اسکولوں کا ہے۔

یہاں کے باسیوں نے 2014 کے عام انتخابات میں نریندرا مودی کو ووٹ دیا تھا اور ان کا خیال تھا کہ وہ یہاں کے رہنے والوں کی زندگیوں میں تبدیلی لائیں گے اور وہ ایسا وزیراعظم چاہتے تھے جو ' دشمن پاکستان' کو آڑے ہاتھوں لے سکے۔

ایک 67 سالہ رہائشی گیوتر مرمر اب زیادہ خوش نہیں " اب جب الیکشن لڑنے والے ہمارے گاﺅں آکر ہمارے مسائل کو سنے اور ان کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائیں گے تو جب ہی ہم انہیں ووٹ دینے کا فیصلہ کریں گے وگرنہ ہم پولنگ کا بائیکاٹ کریں گے، آخر ہمیں پولنگ بوتھوں میں جاکر کیا فائدہ ہوتا ہے؟

پندرہ سالہ ڈسیکا ہسدا نے پانچویں جماعت تک پڑھا ہے اور وہ اس گاﺅں کی واحد تعلیم یافتہ ہستی ہے، یہی وجہ ہے کہ جب قصبے، ریاست اور ملک میں کچھ بڑا واقعہ پیش آتا ہے تو لوگ اخبار خرید کر لاتے ہیں اور اسے ڈسیکا کے پاس لاتے ہیں جو پڑھ کر سناتی ہے۔

وہ بتاتی ہے کہ اگر کوئی رات کو بیمار ہوجائے تو ہمیں اسے ہسپتال لے جانے کے لیے صبح تک انتظار کرنا ہوتا ہے اور سڑک نہ ہونے کی وجہ سے یہ کام بہت مشکل ثابت ہوتا ہے۔

یہاں روزگار کا بنیادی ذریعہ کاشتکاری ہے اور اس حوالے سے حکومتی امداد نہ ملنے پر بھی مقامی رہائشی کچھ زیادہ خوش نہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Sarmad Mansoor Oct 04, 2015 11:23pm
Pakistan me aik gao hai jis ka name Bangladesh hai, Jis din Bangladesh azad huwa usi din ye gaon bhe bna tha es lye es gaon ka name Bangladesh hai,, waise to us gaon ka real name molvi abdul haqq hai mager wo Bangladesh k name se jana jata hai, wo gaon district matiari, tahsil new saeedabad or uc bakhar jamali me hai, IG Sindh Ghulam Haider Jamali bhi usi gaon ka rahwasi hai,