لاہور: وزیر اعلی پنجاب نے لاہور کے حلقہ این اے-122میں ضمنی الیکشن میں پی ایم ایل-ن کے امیدوار اور سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی الیکشن مہم میں صوبائی وزرا اور ارکان پنجاب اسمبلی کی نیم دلانہ دلچسپی پر ناراضی ظاہر کی ہے۔

شہباز شریف کے بیٹے اور قومی اسمبلی کے رکن حمزہ شریف حلقے میں سخت محنت کر رہے ہیں، لیکن اطراف کے حلقوں سے منتخب ن-لیگی ارکان اسمبلی کا کردار بھی ایاز صادق کی مہم کیلئے انتہائی اہم ہے۔

ن-لیگ کے ایک رہنما نے ہفتہ کو ڈان سے گفتگو میں بتایا کہ وزیر اعلی نے لاہور کے منتخب ارکان پنجاب اسمبلی کو ہدایت دی کہ حکمران جماعت اور پی ٹی آئی کے درمیان مقابلے کو ہلکا نہ لیں اور ایاز صادق کیلئے موثر مہم چلائیں۔

پنجاب کے وزرا رانا مشہود، بلال یسین اور مجتبی شجاع الرحمان جبکہ ارکان صوبائی اسمبلی غزالی بٹ، ماجد ظہور، ملک وحید اور عمران نذیر سے خصوصی طور پر کہا گیا ہے کہ وہ مہم میں دلچسپی لیں۔

ذرائع کے مطابق، شہباز شریف چاہتے ہیں کہ ن-لیگ کے صوبائی وزرا اور ارکان صوبائی اسمبلی بھرپور گھر گھر مہم چلائیں۔

ان ارکان سے کہا گیا ہے کہ وہ حلقے کے لوگوں کے مسائل کو سنیں اور انہیں جلد از جلد حل کرنے کی کوشش کریں۔

حلقے میں الیکشن مہم میں مصروف ایم پی اے غزالی بٹ نے ڈان کے رابطہ کرنے پر وعدہ کیا کہ وہ فارغ ہو کر وزیر اعلی کی ہدایات کی خبروں پر اپنا ردعمل دیں گے لیکن انہوں نے دوبارہ رابطہ نہیں کیا۔

ایاز صادق اور پی ٹی آئی کے امیدوار علیم خان ہفتہ کو دن بھر الیکشن مہم چلاتے رہے جبکہ حمزہ شہباز نے حلقے میں جلسہ کیا ۔

ن-لیگ اور پی ٹی آئی کی جانب سے حلقے میں الیکشن مہم کے دوران خطیر رقم خرچ کرنے پر الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے والے پی پی پی کے امید وار بیرسٹر عامر حسن نے ڈان کو بتایا کہ حکمران جماعت کی قیادت این اے-122 میں مسائل حل کرنے میں ناکامی پر پریشان ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں