لاہور ضمنی الیکشن کیلئے تیاریاں عروج پر

اپ ڈیٹ 05 اکتوبر 2015
عمران خان/سردار ایاز صادق/ علیم خان—۔
عمران خان/سردار ایاز صادق/ علیم خان—۔

لاہور: لاہور کے حلقہ این اے-122 میں 11 اکتوبر کو ہونے والا ضمنی الیکشن پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے لیے انتہائی اہمیت اختیار کرچکا ہے اور دونوں پارٹیوں کی پوری توجہ اس وقت اس حلقے پر مرکوز ہو چکی ہے۔

خیال رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 کی نشست پر مسلم لیگ (ن) کے اُمیدوار سردار ایاز صادق 2013ء کے عام انتخابات میں کامیاب قرار پائے تھے تاہم ان کے مخالف امیدوار پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے ان کی کامیابی کو الیکشن ٹریبونل میں چیلنج کر دیا تھا۔

جس پر 2 سال بعد رواں برس ہفتہ 22 اگست کو ٹریبونل نے فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ہدایت کی کہ وہ اس حلقے میں دوبارہ انتخابات منعقد کروائے۔

اتوار کو عمران خان نے یہاں سمن آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ضمنی الیکشن میں دھاندلی روکنے کی موثر حکمت عملی تیار کر لی ہے.

انہوں نے الزام لگایا کہ ن-لیگ نے خواتین کے پولنگ اسٹیشنز پر دھاندلی کا منصوبہ بنایا ہے لیکن اس دفعہ پی ٹی آئی دھاندلی روکنے کے لیے پہلے سے بہتر تیاری کرے گی۔

عمران خان نے ایک بار پھر ن لیگ کی حکومت کو دھاندلی کی پیداوارقرار دیتے ہوئے کہا ’عجیب نظام ہے جہاں لوگ تحریک انصاف کےساتھ ہیں مگر انتخابات ن لیگ جیت جاتی ہے‘۔

ان کا کہنا تھا، ’جنہوں نے پہلے دھاندلی کی اب وہی دوبارہ الیکشن کر وا رہے ہیں‘۔

پی ٹی آئی سربراہ کا کہنا تھا کہ چوہدری محمد سرور پی ٹی آئی کے کارکنوں کو دھاندلی روکنے کی تربیت دے رہے ہیں۔

عمران خان نے مطالبہ کیا کہ پولنگ کے بعد ووٹوں کے تھیلے لے کر جانے والی گاڑی میں بھی فوجی تعینات ہونا چاہیے جبکہ تحریک انصاف کے کارکن بھی ریٹرننگ افسران کی گاڑی کے پیچھے جائیں گے۔

حکومت کی جانب سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے دعووں سے متعلق عمران خان کا کہنا تھا، ’نوازشریف نے 2017 تک لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا اعلان کیا تاہم نیپرا کے مطابق لوڈشیڈنگ 2020 سے پہلے ختم نہیں ہوگی‘۔

ان کا کہنا تھا،’عوام پینے کے پانی کو ترس رہی ہے لیکن حکومت اربوں روپے میٹرو بس اور میٹرو ٹرین پر لگارہی ہے۔‘

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ 11 اکتوبر فیصلے کا دن ہوگا اور این اے-122 کے عوام اِس دن دھاندلی کو شکست دیں۔

اس موقع پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشیداحمد نے جلسے سے خطاب میں پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ دنوں میں پاکستانی سیاست میں زلزلے آنے والے ہیں۔

پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ 11 اکتوبرکو ان کا شیر سے نہیں بلکہ گیڈر سے مقابلہ ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

sabir rafiq Oct 05, 2015 12:00pm
i have an question to my beloved country peoples. is anyone there can tell me to who you are going to vote when you know the both parties are corrupt and they don't have any interest in your favor they are using you peoples for their vote bank and you are also selling your votes against just 2000 rupees . kindly try to understand the situation of our country.