بلال کی تباہ کن باؤلنگ، پاکستان سات وکٹ سے فتحیاب

اپ ڈیٹ 05 اکتوبر 2015
بلال آصف کا پانچ وکٹیں لینے کے بعد فاتحانہ انداز۔ فوٹو اے پی
بلال آصف کا پانچ وکٹیں لینے کے بعد فاتحانہ انداز۔ فوٹو اے پی

ہرارے: بلال آصف کی شاندار باؤلنگ کی بدولت پاکستان نے زمبابوے کو تیسرے اور آخری ایک روزہ میچ میں سات وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 2-1 سے اپنے نام کر لی۔

زخمی اظہر علی کی جگہ قیادت کے فرائض انجام دینے والے سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں درست ثابت نہ ہوا اور زمبابوین اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 89 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔

چمو چبابا آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی تھے جو 48 رنز بنانے کے بعد بلال کی گیند پر انہی کو کیچ دے بیٹھے اور اس کے بعد آف اپن نے زمبابوین صفوں میں تباہی مچا دی۔

زمبابوین ٹیم کی سنچری مکمل ہوئی تو برائن چاری عماد وسیم کی گیند پر وکٹوں کے سامنے پیڈ لانے کی پاداش میں آؤٹ قرار پائے۔

اسکور 111 تک پہنچا تو بلال نے ایک ہی اوور میں شان ولیمز اور حریف کپتان ایلٹن چگمبرا کی وکٹیں بکھیر دیں جبکہ سکندر رضا بھی آف اسپنر کی باؤلنگ کا نشانہ بنے۔

بلال نے ٹنوٹینڈا متوم بوڈزی کو آؤٹ کر کے اپنے دوسرے ہی ایک روزہ میچ میں پانچ وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

اس موقع پر زمبابوے کی تمام ترامیدیں رچمونڈ متوبامی سے وابستہ تھیں لیکن محمد عرفان نے سرفراز کی مدد سے ان کی 67 رنز کی اننگ کا خاتمہ کر دیا۔

زمبابوے کی پوری ٹیم 39ویں اوور میں 161 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔

بلال آصف نے 25 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں جبکہ عماد نے تین وکٹیں لے کر ان کا بھرپور ساتھ نبھایا۔

پاکستان نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اوپنرز امد شہزاد اور بلال آصف نے ٹیم کو 58 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، بلال آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی تھے جو 38 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

محمد حفیظ کی ناکامیوں کا سلسلہ برقرار رہا اور وہ 13 رنز بنانے کے بعد پنیانگرا کی وکٹ بنے۔

احمد شہزاد اور اسد شفیق نے اسکور کو 104 تک پہنچایا لیکن اسی موقع پر اوپنر کی 32 رنز کی سست رفتار اننگ اختتام کو پہنچی۔

اس کے بعد شعیب ملک اور اسد نے مزید کوئی اور وکٹ نہ گرنے اور پاکستان کو ہدف تک رسائی دلا کر سات وکٹ کی فتح سے ہمکنار کرانے کے ساتھ ساتھ سیریز بھی اپنے نام کر لی۔

بلال آصف کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں