پاک-انڈیا کرکٹ سیریز کا امکان نہیں، سرتاج عزیز

05 اکتوبر 2015
۔ — تصویر بشکریہ پی ٹی آئی
۔ — تصویر بشکریہ پی ٹی آئی

کراچی: پاکستان کے مشیر برائے قومی سلامتی سرتاج عزیز نے انڈیا کے خلاف دسمبر میں ممکنہ کرکٹ سیریز کے امکانات رد کر دیے۔

سرتاج عزیز کا یہ بیان ایسے وقت پر سامنے آیا جب پاکستان کرکٹ بورڈ روایتی حریف کے خلاف یو اے ای میں ’ہوم سیریز‘ کے حوالے سے بی سی سی آئی کے حتمی جواب کا منتظر ہے۔

سرتاج عزیز نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں کہا ’مجھے موجودہ صورتحال میں پاکستان او ر انڈیا کے درمیان کرکٹ سیریز ہوتی نظر نہیں آرہی‘۔

’ہمیں کرکٹ اور دوسری چیزوں کیلئے پہلے حالات کو سازگار بنانا ہو گا۔ ہمارا کرکٹ بورڈ اس حوالے سے انڈین حکام سے رابطہ میں ہے لہذا وہی صورتحال پر بات کرنے کی بہتر پوزیشن میں ہیں۔بہرحال مجھے زیادہ امیدیں نہیں‘۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال پی سی بی کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں اصلاحات پر راضی ہونے کے بعد انڈیا نے 2023-2015 کے درمیان پاکستان کے ساتھ چھ ٹیسٹ سیریز کھیلنے کا معاہدہ کیا تھا۔

تاہم ، یہ تمام سیریز متعلقہ حکومتوں سے کلئیرنس ملنے سے مشروط تھیں۔

دونوں پڑوسی ملکوں کے درمیان ان دنوں سیاسی تعلقات انتہائی خراب ہیں اور پچھلے کچھ عرصے سے دونوں ملک ایک دوسرے پر ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کا الزام بھی دہراتےآئے ہیں۔

پی سی بی چیئرمین شہریار خان نے امید ظاہر کی تھی کہ رواں مہینے دبئی میں ہونے والے آئی سی سی اجلاس کے موقع پر دونوں ملکوں کے کرکٹ بورڈز سیریز کھیلنے پر اتفاق کر لیں گے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Muhammad Ayub Khan Oct 06, 2015 06:46am
Mr Aziz is looking foreign affairs or cricket affairs?