پاکستانی ویمن ٹیم کا ایک اور کلین سوئپ

06 اکتوبر 2015
پاکستانی ویمن ٹیم بنگلہ دیشی کھلاڑی عائشہ رحمان کو آؤٹ کرنے پر انعم امین کو داد دیتے ہوئے۔ فوٹو اے ایف پی
پاکستانی ویمن ٹیم بنگلہ دیشی کھلاڑی عائشہ رحمان کو آؤٹ کرنے پر انعم امین کو داد دیتے ہوئے۔ فوٹو اے ایف پی

کراچی: پاکستان کی ویمن ٹیم نے انعم امین اور بسمہ معروف کی شاندار کارکردگی کی بدولت بنگلہ دیش کو دوسرے ایک روزہ میچ میں چھ وکٹ سے شکست دے کر سیریز 2-0 سے جیت لی۔

کراچی کے ساؤتھ اینڈ کلب میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے اور آخری ایک روزہ میچ میں بنگلہ دیشی ٹیم کی کپتان سلمٰی خاتون کا ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ غلط ثابت ہوا اور بنگلہ دیش صرف 67 رنز پر سات کھلاڑیوں سے محروم ہو گئی۔

شمیم سلطانہ تین، رومانہ احمد دو، سلمٰی خاتون سات جبکہ فرزانہ حق، لتا موندل اور جہاں آرا عالم کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹیں جبکہ عائشہ رحمان 39 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔

اس موقع پر ریتو مونی اور نگار سلطانہ نے 47 رنز کی شراکتب قائم کر کے اپنی ٹیم کے کچھ آنسو پونچھے لیکن انعم امین نے 28 رنز بنانے والی ریتو کی اننگ کا خاتمہ کر دیا۔

بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں نو وکٹ پر 123 رنز تک محدود رہی، ، نگار سلطانہ 30 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔

پاکستان کی جانب سے انعم امین نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 اوورز کے کوٹے میں سات رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں اور اسماویہ اقبال نے تین کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔

124 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان بھی صرف 20 رنز پر جویریہ خان سے محروم ہو چکا تھا۔

بنگلہ دیش کیلئے دورے میں ڈراؤنا خواب بنی رہنے والی بسمہ معروف نے ایک بار پھر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مرینہ اقبال کے ساتھ 43 رنز جوڑے۔

مرینہ 31 رنز بنا کر پویلین لوٹیں لیکن بسمہ نے دوسرے اینڈ سے پیش قدمی جاری رکھی اور 41 رنز کی اننگ کھیلی۔

وہ پاکستان کی سنچری مکمل ہونے سے ایک رن پہلے رومانہ احمد کی وکٹ بنیں جبکہ جلد ہی نین عابدی بھی پویلین لوٹ گئیں۔

اس کے بعد کپتان سنا میر اور عالیہ ریاض نے مزید کوئی وکٹ گنوائے ہدف حاصل کر کے پاکستان کو چھ وکٹ سے کامیابی دلانے کے ساتھ ساتھ سیریز بھی 2-0 سے جتوا دی۔

انعم امین کو شاندار باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں