زندہ ہے بھٹو، زندہ ہے۔

تم کتنے بھٹو مارو گے، ہر گھر سے بھٹو نکلے گا۔

یہ پاکستان پیپلز پارٹی کے وہ نعرے ہیں جن کی گونج پارٹی کے ہر جلسے اور میٹنگ میں سنائی دیتی ہے۔ مگر بد قسمتی سے پانچ سالہ دورِ حکومت کے بعد ماضی کی مقبول ترین جماعت پیپلز پارٹی کی مقبولیت ہر گزرتے دن کے ساتھ ابتر ہوتی جا رہی ہے۔

آبادی کے اعتبار سے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں تو اب پیپلز پارٹی کے صرف آثار ہی ملتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ہر گھر سے بھٹو نکلنے کا یقین رکھنے والے اب پیپلز پارٹی کے مٹھی بھر جیالوں کو بھی گھروں سے نکال کر انتخابی جلسوں اور ریلیوں میں نہیں لا پاتے۔

لاہور میں ہونے والا ضمنی انتخاب پیپلز پارٹی کی پنجاب میں ناکامی کا ثبوت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار بیرسٹر عامر حسن کے انتخابی جلسوں میں نہ تو بھٹو کے جیالے نظر آتے ہیں اور نہ ہی میڈیا پیپلز پارٹی کے امیدوار کو اتنی اہمیت دے رہا ہے کہ وہ پیپلز پارٹی کی انتخابی مہم دکھائے۔

لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں اصل مقابلہ پاکستان مسلم لیگ نواز کے سردار ایاز صادق اور پاکستان تحریک انصاف کے علیم خان کے درمیان ہے۔

لاہور کا یہ حلقہ 2002 کے انتخابات سے پہلے حلقہ این اے 94 کے زیادہ تر حصّوں پر مشتمل تھا۔ اس کے علاوہ حلقہ این اے 98 کے بیشتر علاقے اور حلقہ این اے 95 کی چند یونین کونسلز 2002 میں بننے والے قومی اسمبلی کے اس حلقے میں شامل کی گئیں۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 94 سے 1988 کے انتخابات میں شہید محترمہ بےنظیر بھٹو بھی اس حلقے سے منتخب ہوچکی ہیں۔ تاہم یہ نشست محترمہ کی طرف سے چھوڑ دی گئی اور بعد ازاں اسلامی جمہوری اتحاد کے امیدوار کامیاب ہوئے۔ اس کے علاوہ 1977 کے انتخابات میں اس حلقے سے پیپلز پارٹی کے میاں احسان الحق بھی جیت چکے ہیں۔

سب سے بڑھ کر انہی علاقوں پر مشتمل قومی اسمبلی کے حلقہ این ڈبلیو 60 سے 1970 کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو بھی جیت اپنے نام کر چکے ہیں، جب بھٹو نے حال ہی میں وفات پانے والے فرزندِ اقبال ڈاکٹر جسٹس (ریٹائرڈ) جاوید اقبال کو 44214 ووٹوں سے شکست دی۔

2013 کے انتخابات میں قومی اسمبلی کے اس حلقے سے سردار ایاز صادق 93,389 ووٹ لینے میں کامیاب ہوئے تھے اور ان کے مدِ مقابل تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان 84,517 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ اس طرح عمران خان 8872 ووٹوں کے فرق سے ہارے تھے۔

حیران کن طور پر 11 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں اس حلقے میں رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد 4 لاکھ 88 ہزار 529 ہے۔ جبکہ 2013 کے انتخابات میں اسی حلقے میں رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد 3 لاکھ 26 ہزار 28 تھی۔ اب دیکھنا یہ ہوگا کہ رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد میں یہ زبردست اضافہ تحریکِ انصاف کو فائدہ دیتا ہے یا حکمران جماعت کو۔

2013 سے قبل ہونے والے انتخابات پر نظر ڈالی جائے تو پتہ لگتا ہے کہ 2008 کے انتخابات میں اس حلقے سے سردار ایاز صادق 79,506 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے۔ جبکہ پیپلز پارٹی کے عمر مصباح الرحمان دوسرے نمبر پر تھے۔ تحریک انصاف نے 2008 کے انتخابات کا بائیکاٹ کیا تھا۔

سابق صدر جنرل پرویز مشرف کے ٹیک اوور کے بعد 2002 میں ہونے والے انتخابات میں بھی اس حلقے سے سردار ایاز صادق ہی کامیاب ہوئے تھے۔ جبکہ تحریک انصاف کے عمران خان 18,638 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر تھے۔

قومی اسمبلی کے اس حلقے میں صوبائی اسمبلی کے دو حلقے پی پی 147 اور 148 آتے ہیں جن میں ایک سیٹ پی پی 148 سے تحریک انصاف کے میاں اسلم اقبال جیتنے میں کامیاب رہے۔ جبکہ 11اکتوبر کے ضمنی انتخاب میں پی پی 147 کی سیٹ پر مقابلہ نواز لیگ کے محسن لطیف اور تحریک انصاف کے شعیب صدیقی کے درمیان ہوگا۔ پی پی 147 سے سردار ایاز صادق بھی 2008 کے انتخابات میں کامیاب ہوئے تھے۔ تاہم ایاز صادق کے سیٹ چھوڑنے کے بعد ہونے والے ضمنی انتخاب میں علیم خان جیت کر پرویز الہٰی کی کابینہ کا حصّہ بنے تھے۔

ضمنی انتخابات کے لیے چلائی جانے والی انتخابی مہم میں لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اپنے چنے گئے امیدوار علیم خان کی مہم چلانے کود پڑے ہیں جبکہ سردار ایاز صادق کی انتخابی مہم شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز چلا رہے ہیں اور ان کا ساتھ خواجہ سعد رفیق، عابد شیر علی اور طلال چوہدری دے رہے ہیں۔

ماضی قریب میں ہونے والے انتخابی نتائج اور موجودہ سیاسی پسمنظر پر نظر ڈالی جائے تو لگتا ہے کہ سردار ایاز صادق جیتنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ مگر عمران خان کے دعووں کے مطابق اہلیانِ لاہور ان ضمنی انتخابات میں ووٹ تحریک انصاف کو دیں گے۔

ویسے تو ہر ضمنی انتخاب سے پہلے عمران خان دعویٰ کرتے ہیں کہ تحریک انصاف ہی جیتے گی مگر انتخابی حقائق بتاتے ہیں کہ 2013 کے بعد ہونے والے چھ میں سے پانچ ضمنی انتخابات میں کامیابی نواز لیگ کو ملی ہے۔

اس حلقے میں پیپلز پارٹی کی مضبوط سیاسی تاریخ دیکھتے ہوئے یہ کہا جاسکتا ہے کہ 1990 کے بعد ہونے والے انتخابات میں یا تو پیپلز پارٹی کے ووٹرز نے ووٹ دینا چھوڑ دیا ہے یا پھر وہ تحریک انصاف کو اپنے ووٹوں کا حقدار سمجھنے لگے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پیپلز پارٹی کے ووٹرز کی پسند اب تحریک انصاف ہے، جس کی وجہ سے پیپلز پارٹی کا امیدوار مضبوط انتخابی مہم چلانے میں بھی ناکام ہے۔

— تصویر بشکریہ لکھاری۔
— تصویر بشکریہ لکھاری۔

ضمنی انتخابات کے نتائج کا سوچتے ہوئے ہمیں یہ یاد رکھنا چاہیے کہ قومی اسمبلی کے اس حلقے میں آنے والی دو صوبائی سیٹوں میں سے ایک سیٹ تحریک انصاف کے میاں اسلم اقبال 54893 ووٹ لے کر جیت چکے ہیں۔

کراچی کے حلقہ این اے 246 میں ہونے والے ضمنی انتخابات کی طرح اس بار بھی سارا میڈیا حلقہ این اے 122 میں ہونے والے ضمنی انتخابات کی تفصیلی کوریج پر لگ گیا ہے۔ 11 اکتوبر کو اوکاڑہ کے حلقہ این اے 144 میں بھی ضمنی انتخاب ہو رہا ہے مگر وہاں پر ذرائع ابلاغ کی کوئی توجہ نہیں۔ اس کی وجہ شاید یہ ہے کہ اس حلقے میں دونوں بڑی جماعتوں کی ذاتی دلچسپی ہے، اور دھاندلی کیس کا فیصلہ ہونے کے بعد اب یہ حلقہ ایاز صادق اور عمران خان دونوں ہی کے لیے زندگی، موت اور عزت کا مسئلہ بن چکا ہے۔

تو پھر انتظار کرتے ہیں فیصلے کے دن کا، اور دیکھتے ہیں کہ شیر سرخرو ہوتا ہے یا بَلاّ

ضرور پڑھیں

تبصرے (5) بند ہیں

حسن امتیاز Oct 06, 2015 08:20pm
میرا خیال ہے مسلم لیگ نون یہ سیٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائے گی ۔ اس کی ایک وجہ ان کی اپنی صوبائی حکومت ہے ۔ اور دوسری وجہ یہ ہے کہ اس حلقہ میں تقریبا تمام ہی یوئین کونسل میں مسلم لیگ نون کا تنظیمی ڈھانچے موجود ہے ۔ لیکن تحریک انصاف اور پی پی پی کا کو ئی خاص متحرک تنظیمی ڈھانچہ موجود نہیں۔ اگر چہ تحریک انصاف نے اس انتخابی حلقہ میں کافی تعداد میں’’راتوں رات انتخابی دفتر‘‘ آباد کیے ہیں۔ لیکن یہ سارا عارضی اور فوری انتظام ہے ۔ جس سے وہ نتائج حاصل نہیں ہوسکے گے ۔ کم از کم لاہور کی سطح پر تو تحریک انصاف مشہور پنجابی کہاوت کے مطابق کام کررہی ہے ۔ بُوہے تے آئی جنج تے ونہو کڑی دے کن اردو ترجمہ کے مطابق ’’ بارات دروازے پر پہنچے چکی تو دلہن کے کانوں میں سوراخ کرنے شروع کئے‘‘
Naveed Chaudhry Oct 07, 2015 12:46am
Asalam O Alikum, Who ever wins it shoulkd be a wnn for democracy. What I do not like in this is the roll of Army. Now Imran has demanded that even the ballet boxed should be carried by Army. Look good on the face but we are forgetting that this is the way democracy had been kicked so many times. We should be carefull and use legal / civil resources. Also let us make procedures to deal with poll rigging , punishment of persons involved and including dealing with wrongfull allegations. May God Allmighty help Pakistan.
Muhammad Nasir Oct 07, 2015 02:16pm
PMLN will win this seat easily :)
Koora Pathan Oct 07, 2015 04:38pm
lag rha hai is dafa Aleem khan Nikal lain Gay Seat, kiun k un kee Campaign Strong ha.
Faheem Oct 09, 2015 05:22pm
Eik choti si correction hai, Abdul Aleem Khan 2002 me MPA bany thay....